شہزاد اکبر سے متعلق جھوٹی خبر پر چینل 24 کی معذرت
تھوڑی توجہ اپنی صحافت پر بھی دے لیں، میں ہمہ وقت ملک میں موجود ہوں

وزیراعظم عمران خان کے سابق مشیر برائے احتساب اور امورِ داخلہ بیرسٹر مرز اشہزاد اکبر نے نجی نیوز چینل 24 پر اپنی برطانیہ روانگی کے حوالے سے چلنے والی خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ادارے کے مالک پر تنقید کی ہے ۔
سابق مشیر برائے احتساب اور امورِ داخلہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر چینل 24 کا اسکرین شارٹ شیئر کیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شہزاد اکبر برطانیہ روانہ ہوگئے ہیں ، شہزاد اکبر نے اسکرین شاٹ کے ساتھ نجی نیوز چینل کے مالک محسن نقوی پر ان کے ملک چھوڑنے کے حوالے سے غلط خبر دینے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تھوڑی توجہ اپنی صحافت پر بھی دے لیں، میں ہمہ وقت ملک میں موجود ہوں۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراعظم کے مشیر احتساب شہزاد اکبر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا
محترم محسن نقوی صاحب جب آپکو بلاول ہاؤس اور ماڈل ٹاون کی (لاحاصل) یاتروں سے فرست ملے تو تھوڑی توجہ اپنی صحافت پے بھی دیں لیں میں ہمہ وقت پاکستان میں موجود ہوں اور اپنے لیڈر @ImranKhanPTI کے ساتھ کھڑا ہوں۔ براے مہربانی اپنی خبر کی تصیح کر لیں pic.twitter.com/0lawVTmFpM
— Mirza Shahzad Akbar (@ShazadAkbar) March 11, 2022
سابق مشیربرائے احتساب نے لکھا کہ محترم محسن نقوی صاحب جب آپکو بلاول ہاؤس اور ماڈل ٹاون کی (لاحاصل) یاتروں سے فرست ملے تو تھوڑی توجہ اپنی صحافت پر بھی دیں لیں۔ انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمہ وقت پاکستان میں موجود ہوں اور اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں، برائے مہربانی اپنی خبر کی تصحیح کر لیں۔
شہزاد اکبر کی جانب سے بے بنیاد خبر پر احتجاج کرنے پر نجی نیوز چینل انتظامیہ نے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز اکبر کے برطانیہ جانے سے متعلق رپورٹر کی خبر درست نہیں ،ادارہ دل آزاری پر معذرت خواہ ہے۔