وزیراعلیٰ کا انتخاب گیلری سے ہوا جو غیرآئینی ہے، چوہدری پرویز الہٰی
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوا ہی نہیں تو بحران کیسا، عثمان بزدار آج بھی وزیراعلیٰ ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب وزیٹر گیلری سے ہوا جو قطعی طور پر غیرآئینی ہے۔
لاہور میں مسلم لیگ (ق) کے صدر اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سمجھنے کی بات یہ ہے کہ اس صوبے میں جاری بحران کا ذمہ دار کون ہے۔ ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کرانے کے عدالتی فیصلے کو سب نے مانا ہے ، سارا مسئلہ پولیس کا اسمبلی کے اندر آنے سے پیدا ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
ایف آئی اے سائبر کرائم خودکش بمبار کے ٹوئٹر فالوورز سے نالاں
مریم اورنگزیب کی وزارت اطلاعات کی رپورٹ کارڈ خراب
ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے اسمبلی کے اندر آکر حملہ کیا اور خواتین کو زدوکوب کیا جس سے ہماری کئی خواتین زخمی ہو گئیں۔ ہماری رکن آسیہ امجد زخمی ہیں اور آج بھی وینٹی لیٹر پر ہیں۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کے اندر الیکشن ہوا نہیں ہے ، آج بھی عثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب ہیں۔ وزیٹر گیلری سے الیکشن کرایا گیا جو آئینی نہیں ہے۔ کون کہتا ہے کہ صوبے میں آئینی بحران ہے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوا ہی نہیں تو بحران کیسا۔ جہاں ہمارے ارکان نے ووٹ ڈالنے تھے وہاں پر پولیس کھڑی تھی ۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز شریف کے کہنے پر حملہ کیا گیا ۔ حمزہ شہباز نے آئی جی اور چیف سیکریٹری کو حملہ کرنے کی ہدایت کی۔









