لاہور ہائی کورٹ نے ڈھائی ماہ پر مشتمل حل شدہ کیسز کی تفصیلات جاری کردیں
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ عدالت نے فاسٹ ٹریک پالیسی اختیار کرتے ہوئے اڑھائی ماہ میں 170 ارب روپے مالیاتی کیسز نمٹا دیئے۔
ٹیکس و مالیاتی مقدمات کے لئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی کی فاسٹ ٹریک پالیسی کے ثمرات، اڑھائی مہینے کے دوران 2 ہزار سے زائد مقدمات نمٹا دیئے گئے۔ 170 ارب سے زائد مالیاتی و ٹیکس مقدمات کے فیصلے سنا دیئے۔
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد امیر بھٹی کی جانب سے ٹیکس و مالیاتی مقدمات کو فاسٹ ٹریک پالیسی کے تحت جلد فیصلوں کی ہدایت پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ای سی پی نے پی ٹی آئی پنجاب کے منحرف ارکان کی خالی نشستوں پر انتخابی شیڈول دے دیا
پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان کی اسمبلی رکنیت ختم، نوٹی فیکیشن جاری
چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے تشکیل دیئے گئے مختلف سنگل اور ڈویژن بینچز نے گزشتہ اڑھائی مہینے کے دوران 2 ہزار 35 مقدمات نمٹائے ہیں۔
فیصلہ شدہ مقدمات کی بدولت 170 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد کے مالیاتی معاملات طے کردیئے گئے۔
واضح رہے کہ زیر التواء ٹیکس و مالیاتی مقدمات کو جلد نمٹانے کے حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے فاضل چیف جسٹس نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ زیر التواء ٹیکس و مالیاتی مقدمات میں ملک و قوم کے ٹیکسز اور سرمایہ شامل ہے۔
فاضل چیف جسٹس نے اعادہ کیا کہ 170 ارب روپے سے زائد کے مالی معاملات کو حل کرنا ایک تاریخی موقع ہے، بلاشبہ اس کی بدولت سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہو گا۔
فاضل چیف جسٹس نے متذکرہ مقدمات کے جلدفیصلے کرنے والے جج صاحبان جسٹس شمس محمود مرزا، جسٹس شاہد جمیل خان، جسٹس شاہد کریم، جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس عاصم حفیظ اور معاونت کرنے پر وکلاءاور متعلقہ محکمہ جات کے کردار کو بھی سراہا۔