پاکستان میں 3 دن کے دوران کرونا سے 300 سے زیادہ اموات

گذشتہ 3 دن کے دوران کرونا کی وباء نے 303 افراد کی جان لے لی ہے جبکہ 13 ہزار 286 افراد میں وباء کی تصدیق ہوئی ہے۔

پاکستان میں کرونا کی وباء کے باعث گذشتہ 3 دن میں 300 سے زیادہ اموات ہوگئی ہیں۔ کرونا کی وباء کے تیزی سے پھیلاؤ کے باوجود عوام کو ویکسین کے حصول میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق گذشتہ 3 دن میں پاکستان بھر میں کرونا کی وباء کے باعث 300 سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے کرونا سے متاثرہ مزید 98 مریض انتقال کر گئے ہیں۔ اس دوران 5 ہزار 329 افراد میں وباء کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد کرونا کے مجموعی طور پر فعال کیسز کی تعداد 66 ہزار 994 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں کرونا ویکسین کی بلیک مارکیٹ کا انکشاف

کرونا کی وباء سے متعلق اعداد و شمار بتانے والی سرکاری پورٹل کے مطابق پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وباء کے مثبت کیسز کی شرح 10.6 رہی ہے۔

منگل کے روز ملک بھر میں کرونا کی وباء کے باعث 102 افراد انتقال کر گئے تھے۔ اس کے علاوہ 4 ہزار 4 افراد میں وباء کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 64 ہزار 373 ہوگئی تھی۔

جبکہ پیر کے روز پاکستان بھر میں کرونا کی وباء سے متاثرہ 103 مریض انتقال کر گئے تھے۔ اس دوران 3 ہزار 953 افراد میں وباء کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد کرونا کے فعال کیسز کی تعداد 63 ہزار 102 ہوگئی تھی۔

ان اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو گذشتہ 72 گھنٹوں یعنی 3 دن کے دوران کرونا کی وباء نے 303 افراد کی جان لے لی ہے۔ اس کے علاوہ کیسز کی تعداد بھی دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے اور گذشتہ 3 روز کے دوران 13 ہزار 286 افراد میں وباء کی تصدیق ہوئی ہے۔

ایک طرف جہاں کرونا کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے وہیں دوسری جانب اس وباء سے بچاؤ ویکسین کا حصول عوام کے لیے مشکل سے مشکل تر ہوتا جارہا ہے۔ عوام کی بڑی تعداد زیادہ قیمت ہونے کی وجہ سے ویکسین خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتی۔ جبکہ گذشتہ دنوں پاکستان میں کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی بلیک مارکیٹ کا انکشاف ہوا تھا۔

متعلقہ تحاریر