ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی
15 روزہ دورے میں تین ٹی 20 اور تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے، کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر ٹیم کے پی سی آر ٹیسٹ کیلیے نمونے لیے گئے۔
کیریبیئن خطے سے ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم 15 دنوں پر مشتمل اپنے دورے کے لیے کراچی پہنچ گئی ہے، مہمان ٹیم اور اس کے انتظامی عہدیداران براستہ دبئی کراچی آئے ہیں۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کیریبیئن ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور دیگر عہدیداران کے کوویڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
اٹھارہ سال بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان
پاکستان کرکٹ ٹیم کا نیا جنم، سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر
ٹیم کو نہایت سخت حفاظتی انتظامات کے تحت نجی ہوٹل منتقل کر دیا گیا ہے جہاں وہ 15 روز تک مقیم رہے گی، حکام کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی کوویڈ 19 وائرس کا رزلٹ منفی آنے تک ہوٹل میں قرنطینہ میں ہی رہے گی۔
پی سی بی کے مطابق بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی 20 سیریز جیت کر قومی کرکٹ ٹیم آج کراچی پہنچ رہی ہے۔
وطن واپسی پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے بھی ایئرپورٹ پر ہی پی سی آر ٹیسٹ کے لیے نمونے لیے جائیں گے اور اس کا رزلٹ آنے تک کھلاڑی قرنطینہ میں ہوں گے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ 13 دسمبر، دوسرا 14 دسمبر اور آخری میچ 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
ون ڈے سیریز 18 دسمبر کو شروع ہوگی اور 22 دسمبر کو ختم ہو جائے گی۔
ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کی حفاظت کے لیے سندھ پولیس کے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ کے دستے اسٹیڈیم کے اطراف مامور کردئیے گئے ہیں۔









