کراچی گرین لائن بس چل پڑی،سروس پہلے ہی دن تاخیر کاشکار

22 میں سے صرف11 اسٹیشنز ، 80 میں سے صرف25بسیں فعال،10جنوری تک شہریوں کو صرف 4 گھنٹے سہولت میسر ہوگی،کرایہ15سے 55 روپے مقرر

کراچی گرین لائن بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ۔پہلے مرحلے میں بس سروس صرف 4 گھنٹوں کیلیےصبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک چلے گا تاہم پہلے ہی دن  بس سروس ڈیڑھ  گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے 10 دسمبر کو گرین لائن بس سروس منصوبے کا آزمائشی افتتاح کیا تھا۔حکام کے مطابق 10 جنوری سے گرین لائن بسوں کی تعداد سمیت اوقات کار میں بھی اضافہ کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

اورنج لائن منصوبہ تاخیر کا شکار

کارکردگی صفر ، سیاسی جماعتوں نے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنا سیاست بنالیا

گرین لائن بس سروس کے آغاز پر22 میں سے نصف  اسٹیشنز ہی فعال ہیں جب کہ 10 جنوری تک کراچی کے شہریوں کو  80 بسوں میں سےصرف 25 بسیں  صبح 8 بجے سے دوپہر 12 بجے تک سفر کیلیے میسر ہوں گی۔حکام کے مطابق 10  جنوری کے بعد بسوں، اسٹیشنز اور اوقات کار میں اضافہ کیا جائے گا۔

گرین بس کا ٹکٹ15 سے 55 روپے تک مقرر کیا گیا ہے، روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والے اس حوالے سے کارڈ بھی بنوا سکتے ہیں۔گرین لائن بس میں ایک وقت میں 150 سے زائد افراد سفر کر سکیں گے جب کہ معذور افراد کے لیے بھی نشستیں مخصوص کی گئی ہیں۔

گرین لائن بس سروس سرجانی عبداللہ چوک اسٹیشن سے نمائش چورنگی اسٹیشن تک چلائی جائے گی، یہ جدید بسیں ہر 5 منٹ بعد اسٹیشن پر آئیں گی جب کہ آگے چل کر بسوں کے آنے کا یہ وقفہ مزید کم ہوجائے گا۔بس سروس کی سرویلنس سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جائے گی اور جس اسٹیشن پر بس رُکے گی وہاں کا نام بس کے اندر اسکرین پر آجائے گا۔

متعلقہ تحاریر