ایلون مسک نے ایک دن میں 33 ارب ڈالر کما لیے
گزشتہ روز ٹیسلا سی ای او کے اثاثوں میں 33.8 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، ان کے کل اثاثے 304.2 ارب ڈالر ہیں، ٹیسلا کی 10 لاکھ گاڑیاں فروخت۔
سال 2021 میں ایلون مسک دنیا کا امیر ترین فرد بننے کے لیے کوشش کرتے رہے، مسک کی بنائی ہوئی ٹیسلا کمپنی دنیا بھر میں بجلی سے چلنے والی گاڑیاں بنا رہی ہے اور اس کے کاروبار میں وسعت ہوتی جارہی ہے۔
پیر کے روز ٹیسلا سی ای او کے اثاثوں میں 33.8 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ بلومبرگ انڈیکس کے مطابق ایلون مسک کے کل اثاثے 304.2 ارب ڈالر کے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
دنیا کی امیر ترین شخصیت الون مسک پرسن آف دی ایئر قرار
چین دنیا کا امیر ترین ملک، مجموعی دولت 120 کھرب ڈالرز
ایلون مسک نے نہ صرف امیر ترین شخص جیف بیزوس کو پیچھے چھوڑ دیا بلکہ ان سے کافی آگے نکل گئے ہیں، بیزوز کے اثاثے 196 ارب ڈالر کے ہیں۔
پیر کے دن ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں 13.5 فیصد اضافہ ہوا اور ایک شیئر کی مالیت 1199 ڈالر ہوگئی۔
مسک ٹیسلا کے 18 فیصد حصص کے مالک ہیں اور انہوں نے دعویٰ کر رکھا ہے کہ وہ صرف 10 فیصد حصص اپنی ملکیت میں رکھیں گے۔
پچھلے سال ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب ایلون مسک کے اثاثے 340 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔
اسپیس ایکس نامی کمپنی میں بھی مسک کا حصہ ہے لیکن ان کے لیے پیسے کمانے والی کمپنی ٹیسلا ہے۔
2021 میں ٹیسلا نے دنیا بھر میں 10 لاکھ گاڑیاں فروخت کیں، رپورٹس کے مطابق ٹیسلا ماڈل 3 اور ماڈل وائے سب سے مقبول گاڑیاں رہیں اور دونوں گاڑیوں کے 9 لاکھ 11 ہزار 208 یونٹس فروخت ہوئے۔