سکھر میں ترقیاتی کام ٹھپ، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار، شہری مشکلات کا شکار
متاثرہ علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لیکر بنیادی و بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
سکھر میں جاری ترقیاتی کام مکمل نہ ہو سکے ، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، شہریوں کو آمد رفت میں مشکلات کا سامنا ، شکایات کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں ، شہریوں کا شکوہ اور صوبائی وزیر بلدیات سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق بلدیہ اعلیٰ سکھر اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کی مجرمانہ غفلت اور مسلسل لاپروائی اور منتخب نمائندگان کی عدم دلچسپی کے باعث سکھر شہر میں جاری ترقیاتی، نکاسی و فراہمی آب کے منصوبوں کے کام مکمل نہیں ہو سکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
دریائے سندھ میں پانی کی سطح مزید کم ، آبی حیات خطرے میں
محکمہ وائلڈ لائف سکھر کی بروقت کارروائی ، 2 ڈولفنز کو ریسکیو کرلیا
شہر کے مختلف علاقوں پرانا سکھر ، نمائش ، قریشی گوٹھ ، نیو پنڈ ، گڈانی پھاٹک روڈ سمیت دیگر علاقوں میں نکاسی و فراہمی آب کے ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار نظر آرہے جبکہ شہر کی سڑکیں بھی مرمتی کام نہ ہونے کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔
سکھر نیو تعلقہ کے مختلف علاقوں پیر مراد شاہ کالونی ،بھوسہ لائن میں جاری فراہمی آب منصوبہ ابھی تک مکمل نہیں ہوسکا ہے ٹھیکیدار اور سرکاری افسران کی نااہلی اور سست روی کی وجہ سے سڑکیں مکمل تباہ ہورہی ہے اور پانی جمع ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں سمیت وہاں سے گزرنے والے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
متاثرہ علاقہ مکینوں کے مطابق شکایات کے باوجود انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے، نکاسی آب کے نظام کی درستگی کیلئے ترقیاتی کام مکمل کرنے کیلئے ہنگامی طور پر اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے علاقہ مکین پریشان حال زندگی بسر کرنے پر مجبورہیں۔
متاثرہ علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لیکر بنیادی و بلدیاتی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔