جنگلی حیات کے تحفظ اور ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم
عمران خان نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں جنگلی حیات بچانے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہیں
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آبادی تیزی سے پھیل رہی ہے جس سے کئی سارے مسائل جنم لے رہے ہیں، بڑھتی ہوئی آبادی سے جہاں متعددمسائل پیدا ہورہے ہیں وہیں جنگلی حیات کے مسکن، چراگاہیں اور قدرتی ماحول کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے جانوروں کی نسل کو معدومی اور کچھ کو بقا کے مسائل درپیش ہیں۔
جنگلی حیات کے تحفظ اور ملک میں سیاحتی مقامات کے فروغ کیلئے وزیراعظم عمران خان ذاتی طورپر دلچسپی لے رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں جنگلی حیات بچانے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں دو جنگلی بلوں کو قدرتی ماحول میں واپس بھیجتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
آزاد کشمیر میں جنگلی حیات پر حیات تنگ،ایک ماہ میں دوسرا تیندوا قتل
کراچی کے سرکس سے نایاب جنگلی جانور برآمد
دو جنگلی بِلّے(leopard cats) بچانے اور انہیں مارگلہ کی پہاڑیوں پر محیط نیشنل پارک میں واپس چھوڑنے پر میں محکمۂ جنگلی حیات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ ہم پاکستان میں جنگلی حیات بچانے اور سیاحت کو فروغ دینے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہیں۔ pic.twitter.com/2bsX7aqGlA
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 13, 2022
اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ دو جنگلی بِلّے بچانے اور انہیں مارگلہ کی پہاڑیوں پر محیط نیشنل پارک میں واپس چھوڑنے پر میں محکمہ جنگلی حیات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں نئے بالاکوٹ شہر کو سیاحتی مرکز کی حیثیت سے ترقی دینے کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ کے لئے پہاڑی علاقوں میں نئے سیاحتی مقامات کے قیام کی خواہشمند ہے۔ اس مقصد کے لئے سیاحت اور میزبانی کے شعبے میں ممتاز نجی سرمایہ کاروں کو سرکاری اور نجی سرمایہ کاری کی شراکت داری کے طریقہ کار کی طرف راغب کیا جارہا ہے۔