ریپ کے مجرمان کو نامرد کرنے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے مجرمان کی سخت سزاﺅں پر مشتمل سفارشات کی منظوری دے دی

پاکستان کی وفاقی کابینہ نے ریپ کے مجرمان کو کیمیائی طریقے سے نامرد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں جنسی تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لئے قانون سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے مجرمان کی سخت سزاﺅں پر مشتمل سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔ جبکہ ریپ کے مجرمان کےلئے کیمیکل کیسٹریشن (کیمیائی طریقے سے نامرد کرنے) کا قانون لانے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ قانون سازی میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کریں گے کیونکہ یہ سنگین نوعیت کا معاملہ ہے۔ عوام کے تحفظ کےلئے واضح اور شفاف انداز میں قانون سازی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیے

کیا اراکین کو پارلیمنٹ میں دیئے گئے بیان پر قانونی استثنیٰ حاصل ہے؟

اُن کے مطابق اِس بات کو یقینی بنایا جائے گا ریپ کے مجرمان پر سخت سے سخت قانون کا اطلاق ہو۔

واضح رہے کہ کابینہ کے اِس فیصلے کو قانون کا درجہ ملنے میں ابھی چند مراحل باقی ہیں۔ اسے کمیٹیوں کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی اور سینیٹ کی منظوری درکار ہوگی۔

اِس کے علاوہ اسلامی نظریاتی کونسل بھی اِس پر اپنی سفارشات دے گی جو کہ کچھ عرصے سے عضو معطل بنی ہوئی ہے۔

تاہم پاکستان بچوں کے ساتھ ریپ اور اُنہیں قتل کیے جانے کے واقعات کے بعد اِس بات پر دباؤ بڑھ رہا تھا کہ ریپ کے مجرمان کو سخت سے سخت سزائیں دی جائیں۔ اُنہیں سرعام پھانسی دینے، سنگسار کرنے اور اُنھیں نامرد کرنے جیسے مطالبات سامنے آ رہے تھے۔

متعلقہ تحاریر