37 رکنی وفاقی کابینہ کو تفویض کی گئی وزارتوں کی تفصیل

مسلم لیگ (ن) کے انجینئر امیر مقام ، پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ اور ترین گروپ کے عون چوہدری کو وزیراعظم کے مشیران بنایا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اتحاد میں شامل 37 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نئی کابینہ سے حلف لیا۔ کابینہ ارکان کو مختلف محکموں کے قلمدان سونپ دیے گئے۔ وفاقی کابینہ  کی تقریب حلف برداری ایوان صدر اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی 37 رکنی وفاقی کابینہ میں 30 وفاقی وزرا، چار وزرائے مملکت اور تین مشیر شامل ہیں۔

حلف اٹھانے کے بعد وفاقی وزرا کو مختلف محکموں کے قلمدان سونپ دیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے

24 گھنٹے کام کرنے والی عدالتوں نے 3 ماہ کی چھٹیوں کی تیاری کرلی

آدھی رات کو لگنے والی عدالتیں عزت کے قابل نہیں، فواد چوہدری

نئی وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ(ن) کے 14، پیپلز پارٹی کے 9، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 4، ایم کیو ایم کے 2، بلوچستان عوامی پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی کے ایک، ایک وفاقی وزیر شامل ہیں۔

وفاقی وزراء اور ان کی وزارتوں کا پورٹ فولیو

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو ایک بار پھر وزارت خزانہ کا منصب سونپ دیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ کو وزارت داخلہ کی وزارت دی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب کو اطلاعات و نشریات کا عہدہ تفویض کیا گیا ہے۔

ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال کو وزارت منصوبہ بندی کا قلمدان دیا گیا۔

سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو ایک مرتبہ پھر ریلوے کی منسٹری دی گئی ہے۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کو وزارت قانون کا منصب دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی کو وزارت پارلیمانی امور کی وزارت دی گئی ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما مرتضیٰ محمود کو وزارت صنعت کا پورٹ فولیو دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ کو وفاقی وزیر برائے فوڈ اینڈ سکیورٹی کی وزارت دی گئی ہے۔

ایم کیو ایم کے سید امین الحق کو وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کا قلم دان سونپا گیا ہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے اسرار ترین کو وزارت دفاعی پیداوار کا منصب دیا گیا ہے۔

جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی کو وزارت انسداد منشیات کا عہدہ دیا گیا ہے۔

جے یو آئی (ف) کے مفتی عبدالشکور کو وزارت مذہبی امور ، طلحہٰ محمود کو وزارت سیفران اور مولانا اسعد محمود کو وزارت مواصلات کا قلمدان دیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے دیگر ارکان میں اعظم نذیر تارڑ، خورشید شاہ، نوید قمر، شیری رحمٰن، عبدالقادر پٹیل، شازیہ مری، سید مرتضیٰ محمود، ساجد حسین طوری، احسان الرحمٰن مزاری، عابد حسین بھایو شامل ہیں۔

وزرائے مملکت میں مسلم لیگ (ن) کی عائشہ غوث پاشا اور عبدالرحمٰن کانجو، پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر اور مصطفیٰ نواز کھوکھر شامل ہیں۔

 مسلم لیگ (ن) کے انجینئر امیر مقام ، پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ اور ترین گروپ کے عون چوہدری کو وزیراعظم کے مشیران بنایا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے تقریب حلف برداری گزشتہ روز پیر کو ہونی تھی مگر صدر عارف علوی کی جانب سے اراکین اسمبلی سے حلف لینے سے معذرت کر لی گئی تھی جس پر پر حلف برداری کی تقریب ملتوی کردی گئی گی اور یہ ذمہ داری چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو سونپی گئی اور یوں آج تقریب حلف برداری کا انعقاد ممکن ہو سکا۔

متعلقہ تحاریر