سندھ میں پانی کا بحران، اعجاز جھکرانی نے ذمہ دار وفاق کو قرار دے دیا

مشیر صوبائی حکومت کا کہنا ہے سندھ حکومت پانی مانگ رہی ہے، پانی سندھ حکومت کے ہاتھ میں نہیں وفاق کے ہاتھ میں ہے۔

سکھر: سندھ کے بیراجوں پر پانی کی بحرانی صورتحال پر صوبائی مشیر اعجاز جکھرانی نے پانی کی قلت کا ملبا پی ٹی آئی اور وفاقی حکومت پر گرا دیا۔

سکھر کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز جھکرانی بھول گئے کہ اس وقت وہ وفاقی حکومت کا حصہ ہیں، کہا کہ پانی وفاق نہیں دے رہا سندھ حکومت پانی مانگ رہی ہے، پانی سندھ حکومت کے ہاتھ میں نہیں وفاق کے ہاتھ میں ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا جاں بحق ڈرائیور کی فیملی کے لیے 10 لاکھ روپے امداد کا اعلان

ریلوے افسران کی نااہلی، رہائشی کالونیاں کچرے کے ڈھیر میں تبدیل

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے فلڈ کینال کھلے ہوئے ہیں پانی انکے ذریعے لیا جا رہا ہے ہم تو مطالبہ کر رہے ہیں کہ 91 ایکارٹ کے تحت سندھ کو پانی دیا جائے۔

اعجاز جھکرانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سندھ آئے تو وزیر اعلیٰ نے کابینہ سمیت پانی دینے کی بات کی۔ شہباز شریف کو بتایا گیا تھا کہ سندھ میں پانی کا بڑا مسئلہ ہے۔ ارسا میں سندھ کا نمائندہ احتجاج کر رہے ہیں۔

صحافی کے سوال سندھ میں پانی کی قلت کی وجہ بااثر وڈیروں کو زیادہ پانی دینا ہے پر ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کوئی بڑا وڈیرا نہیں سب چھوٹے چھوٹے کاشتکار ہیں، پی ٹی آئی حکومت سندھ دشمن تھی ، پی ٹی آئی حکومت نے سندھ کو پانی کے حصہ نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں سندھ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ ہوئی، پی ٹی آئی حکومت نے سندھ کو این ایف سی ایوارڈ میں بھی نظر انداز کیا گیا۔

دوسری جانب محکمہ آبپاشی کے ذرائع کا کہنا ہے اس سال دریا میں پانی پچاس (50) فیصد سے زائد کم ہے ، ملک کے بالائی علاقوں میِں جاری بارشوں کے باعث چار سے پانچ روز میں پانی کی صورتحال میں معمول بہتری کی امید ہے۔

سندھ کے بیراجوں گڈو پر 60، سکھر پر 41 اور کوٹڑی پر 45 فیصد تک پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ دریا میں پانی کی کمی سے کپاس کی فصل شدید متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ رہا ہے۔

سکھر بیراج کنٹرول روم کے جاری کردہ بیان کے مطابق گڈو کے مقام پر پانی کی آمد 30748 اور اخراج 30748 کیوسک ریکارڈ، سکھر بیراج کے کے مقام پر پانی کی آمد 28221 اور اخراج 8801 کیوسک ریکارڈ جبکہ کوٹڑی بیراج پر پانی کی آمد 4965 اور اخراج صفر کیوسکس ریکارڈ ہوئی ہے۔

متعلقہ تحاریر