پیپلز پارٹی کے سابق ایم پی اے حاجی انور خان مہر سپرد خاک
مرحوم پاکستان پیپلزپارٹی سکھر ڈویژن کے صدر اور تین بار پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی رہ چکے تھے۔
سکھر: پیپلزپارٹی رہنما اور سابق ایم پی اے حاجی انور خان مہر سیکڑوں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک ، نماز جنازہ میں خورشید شاہ ،غوث بخش مہر ودیگر سیاسی سماجی شخصیات کے علاوہ معززین ،علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شریک کی۔پیپلزپارٹی کی جانب سے ان کے انتقال پرایک روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی انور مہر کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی سکھر ڈویڑن کے صدر اور سابق ایم پی اے حاجی انور خان مہر جن کا گذشتہ روز کراچی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا ان کو سیکڑوں سوگواران کی موجودگی میں ان کے آبائی علاقے تما چانی کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیے
سندھ میں پانی کا بحران، اعجاز جھکرانی نے ذمہ دار وفاق کو قرار دے دیا
یو ایس ایڈ کی فراہم کردہ کچرا اٹھانے والی گاڑیاں کچرا بن گئیں
ان کی نماز جنازہ میں پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ ،جی ڈی اے رہنما و سابق وفاقی وزیر غوث بخش خان مہر ،ایم این اے نعمان اسلام شیخ، سابق صوبائی وزیر اویس شاہ ،ایم۔پی اے شہریارخان شر ،سید کمیل،حیدر شاہ،سابق ایم ،پی ایزو پیپلزپارٹی ضلع سکھر کے صدر جاوید حسین شاہ ،سابق ضلع ناظم شکارپور عارف خان مہر،وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی ارسلان اسلام شیخ کے علاوہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں ،رہنماوں ، سیاسی سماجی شخصیات ،مہر برادری کے افراداور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مرحوم حاجی انور خان مہر کے انتقال پر پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے صوبے میں ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے اور مرحوم کے انتقال کو پارٹی کے لیے عظیم نقصان قرار دیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی حاجی انور خان مہر کے انتقال پر وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ سے رابطہ کرکے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مرحوم پاکستان پیپلزپارٹی سکھر ڈویژن کے صدر اور تین بار پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر رکن سندھ اسمبلی رہ چکے تھے۔









