فیس بک کے خلاف عدم اعتماد کا مقدمہ دائر

سال 2020 میں انسٹاگرام کی متوقع آمدنی تقریباً 28 ارب ڈالرز ہوگی

 امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن (ایف ٹی سی) نے فیس بک کے خلاف عدم اعتماد کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔ فیس بک پر یہ الزام ہے کہ وہ سوشل نیٹ ورکنگ ٹیکنالوجی پر اپنی اجارہ داری قائم کررہا ہے۔

ایف ٹی سی کی جانب سے فیس بک کے خلاف ایک اور مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فیس بک 2012ء میں لی گئی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اور اس کے بعد 2014ء میں لی جانے والی میسیجنگ ایپ واٹس ایپ کو اپنے کاروبار سے علیحدہ کریں۔

تاہم اس حوالے سے امریکی میڈیا کمپنی بلوم برگ کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے کاروبار کو فیس بک سے علیحدہ کرنے کی صورت میں فیس بک کے سی ای او مارک زکربرگ کا بنایا ہوا سوشل میڈیا نیٹ ورک متاثر ہونے کے امکانات ہیں۔

کمپنی کی آمدنی کا بڑا حصہ انسٹاگرام اور واٹس ایپ سے حاصل کیا جارہا ہے۔ اس صورتحال میں اگر فیس بک کو ان دونوں پلیٹ فارم سے علیحدہ کیا گیا تو فیس بک بھی اپنی وقعت کھو دے گا۔ کمپنی کے حصص میں سال 2020ء  میں 35 فیصد تک کا اضافہ ہوا تھا۔ بروز بدھ کمپنی کے حصص میں گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ جس کی بنیادی وجہ فیڈرل ٹریڈ کمیشن کے مقدمات ہیں۔

فیس بک کا کہنا ہے کہ اس وقت انسٹاگرام اور واٹس ایپ جس مقام پر ہیں اس کی بنیادی وجہ فیس بک کی سرمایہ کاری ہے۔

فیس بک کے سربراہ مارک زکر برگ کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی خدمات ان کے حصول کے بعد پہلے سے بہتر ہوئی  ہیں اور زیادہ افراد تک اس کی رسائی کو ممکن بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

گوگل نے براؤزر ایکسٹینشنز کو ہٹانے کا فیصلہ کر لیا

انہوں نے مزید کہا کہ ادارے نے سخت اور منصفانہ مقابلہ کیا ہے جس پر انہیں فخر ہے۔

اس وقت کپمنی کی آمدنی کا بڑا حصہ انسٹاگرام پر منحصر ہے۔ بلوم برگ کی ایک رپورٹ کے مطابق 2019ء میں انسٹاگرام سے حاصل ہونے والی آمدنی تقریباً 20 ارب ڈالرز رہی جو کہ فیس بک کے اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 29 فیصد ہے۔

یہ بھی پڑھیے

فیس بک، ٹوئٹر اور گوگل کے سربراہان سے پوچھ گچھ کی جائے گی

تحقیقی ادارے ای مارکیٹر کے مطابق انسٹاگرام کی 2020ء کی آمدنی تقریباً 28 ارب ڈالرز متوقع ہے۔ جو کہ فیس بک اشتہارات سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 37 فیصد ہوگا۔

جبکہ واٹس ایپ اس وقت فیس بک کے لیے عملی طور پر آمدنی کا ذریعہ نہیں۔ لیکن مستقبل میں تبدیلی متوقع ہے۔ واٹس ایپ کے صارفین کی تعداد تقریباً 2 ارب سے زائد ہے۔

متعلقہ تحاریر