چائے اور کتب بینی کا مزہ ساتھ ساتھ

پشاور میں ایک ایسا کیفے موجود ہے جہاں گرما گرم چائے پراٹھے کے ساتھ کتب بینی سے لطف اٹھایا جاسکتا ہے۔

سردیوں کی شام ہو، ہاتھ میں پسندیدہ کتاب ہو اور ساتھ گرما گرم چائے کی پیالی ہو تو کیا ہی بات ہے۔

پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں ‘بُکس اینڈ چائے’ نامی ایک کیفے موجود ہے۔ کتب بینی کے شوقین افراد کے لیے یہ ایک بہترین جگہ ہے کیونکہ یہاں 5 ہزار سے زیادہ کتابیں رکھی گئی ہیں۔ پڑھائی کے دوران بھوک لگے تو کہیں باہر جانے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ یہیں گرما گرم پراٹھے اور چائے سے لطف اٹھا سکتے ہیں۔ اگر سردرد ہو یا دن بھر کی تھکن سے بدن ٹوٹ رہا ہو تو یہاں گرم کافی بھی آپ کی تواضع کے لیے تیار ہے۔

چائے کے ساتھ ساتھ کتب بینی حصولِ علم کے شوقین افراد کے لیے تسکین کا باعث بنتی ہے۔ کیفے میں مختلف موضوعات پر مبنی کتابوں کے علاوہ کھانے پینے کی مختلف اشیاء یہاں آنے والوں کو دیر تک بیٹھنے پر مجبور کردیتی ہیں۔

اس بک کیفے میں میھٹا کھانے والوں کے لیے تو خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ چارسدہ کی رجڑ مھٹائی ہو یا مردان کے پیڑے، ڈیرہ اسماعیل خان کا حلوہ ہو یا لاہور کی نان خطائی، یہاں ہر چیز دستیاب ہے۔

موجودہ حالات میں انٹرنیٹ کا استعمال عام ہوچکا ہے۔ ہر فرد کی نظریں کمپیوٹر، لیپ ٹاپ یا موبائل اسکرین پر جمی ہیں۔ فلموں اور ڈراموں سے محظوظ ہونے سے لے کر دنیا کے حالات و واقعات سے باخبر رہنے تک کے لیے یہی انٹرنیٹ ایک بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ پشاور میں بھی جگہ جگہ انٹرنیٹ کیفے موجود ہیں جہاں نوجوان وقت گزاری کرتے ہیں۔ ایسے میں پہلی بار اس کیفے نے نوجوانوں کو اپنی جانب راغب کیا ہے۔

پشاور کے علاقے حیات آباد میں قائم ‘بُکس اینڈ چائے’ کیفے میں میٹرک سے لے کر پی ایچ ڈی سطح تک کی کتابیں رکھی گئی ہے۔ کتابوں کے شوقین افراد یہاں اپنی علمی پیاس بھجانے آتے ہیں اور کیفے کے منتظمین کی جانب سے پر سکون ماحول فراہم کرنے کے ساتھ مختلف انواع و اقسام کے کھانوں اور مھٹائیوں سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

جرمن سفیر ملتانی سوہن حلوے کے دیوانے

کیفے منتظمین کا کہنا ہے کہ مشینی دور نے جہاں بہت سی چیزوں کو تبدیل کیا ہے وہیں لوگوں کا کتاب سے رشتہ بھی ختم ہو کر رہ گیا ہے۔ کیفے کے قیام کے لیے کئی مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑا لیکن انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور ان طلبا و طالبات کے لیے یہ بک کیفے بنایا جو اپنے تعلیمی اخراجات بھی مشکل سے اٹھاتے ہیں۔

طلبا و طالبات کے علاوہ دیگر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی اس بک کیفے کا رخ کرتے ہیں۔ لوگوں کے مطابق اس بک کیفے میں تدریسی کتب کے علاوہ ہر وہ کتاب موجود ہے جس سے ادبی زوق کی تسکین ہوسکتی ہے۔ یہاں اردو اور انگریزی ادب کے ساتھ سائنس، مذہب تاریخ اور دیگر شعبوں سے متعلق کتابیں رکھی گئی ہیں جو پڑھنے والوں کی توجہ کا باعث ہیں۔

متعلقہ تحاریر