انڈیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستانیوں کو ویزے دے گا؟

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویزوں کے حوالے سے آئی سی سی سے تحریری ضمانت مانگ لی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رواں سال اکتوبر اور نومبر میں انڈیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر وضاحت طلب کر لی ہے۔ پی سی بی نے آئی سی سی سے کھلاڑیوں سمیت دیگر اسٹاف اور شائقین کے لیے ویزوں کی یقین دہانی کی تحریری ضمانت مانگی ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانیوں کے لیے انڈیا کے دروازے کھلیں گے یا نہیں یہ تو معلوم نہیں ہے لیکن اس حوالے سے پی سی بی کا اہم اقدام سامنے آیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اکتوبر اور نومبر میں ہونے والے عالمی کرکٹ میلے میں شرکت کے حوالے سے آئی سی سی سے تحریری ضمانت مانگی ہے۔

پی سی بی چیئرمین احسان مانی کے مطابق اگر کھلاڑیوں، معاون عملے، صحافیوں اور شائقین کے ویزوں پر تحریری یقین دہانی نہیں کرائی گئی تو پاکستان آئی سی سی سے ٹورنامنٹ کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کرنے کا مطالبہ کرئے گا۔

یہ بھی پڑھیے

ڈیرن سیمی نے جاوید آفریدی کی باربی کیو پارٹی ہٹ کرادی

احسان مانی کا کہنا ہے کہ ویزوں کا اجرا میزبان بورڈ کی ذمہ داری ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ انڈیا میں کرایا جاتا بھی ہے یا نہیں اس حوالے سے حتمی اعلان رواں ماہ کے آخر میں کیا جائے گا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے مطابق انڈیا میں کرونا کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث آئی سی سی کی جانب سے ٹورنامنٹ کو یو اے ای منتقل کیے جانے کے زیادہ امکانات ہیں۔ تاہم آئی سی سی کی جانب سے خط لکھے جانے کے بعد بورڈ آف کرکٹ کنڑول انڈیا (بی سی سی آئی) کی جانب سے جواب کا انتظار کیا جارہا ہے۔

متعلقہ تحاریر