نگراں وزیراعلیٰ پنجاب غیرملکی دورہ کیے بغیر توشہ خانہ سے گھڑی لے اڑے
وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ویب سائٹ پر جاری ہونے والے تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے توشہ خانہ سے رولیکس گھڑی حاصل کی ہے۔
وفاقی حکومت نے دو دہائیوں پر محیط توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات جاری کردیں ہیں، جہاں توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والوں میں سابق صدور، سابق وزرائے اعظم، وفاقی وزرا اور سرکاری افسران کے نام شامل ہیں ، وہیں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا نام بھی تحائف لینے والوں کی فہرست میں آگیا ہے ، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ محسن نقوی نے بطور نگراں وزیراعلیٰ کس ملک کا دورہ کیا ہے جو انہوں نے توشہ خانہ سے رولیکس گھڑی لے لی ہے۔؟
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے کابینہ ڈویژن کی سرکاری ویب سائٹ پر سال 2002 سے 2023 تک کا توشہ خانہ تحائف سے متعلق ریکارڈ اپلوڈ کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان نے ایران سعودیہ سفارتی تعلقات کی بحالی کا کریڈٹ اپنی حکومت کو دیدیا
توشہ خانہ ریکارڈ کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف نے تحائف حاصل کرنے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
توشہ خانہ کا 2002 سے 2023 کا 466 صفحات پر مشتمل ریکارڈ اپلوڈ کیا گیا ہے۔
سرکاری ویب سائٹ پر جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی بھی توشہ خانہ سے گھڑی لینے والوں میں شامل ہیں، محسن نقوی نے 31 جنوری 2023 کو توشہ خانہ سے رولیکس گھڑی حاصل کی تھی۔
تاہم سرکاری ویب سائٹ جاری ہونے والی تفصیلات کے مطابق جو گھڑی نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے حاصل کی ہے اس کی نہ تو قیمت ظاہر کی گئی ہے اور نہ ہی وہ ادائیگی ظاہر کی گئی ہے جو محسن نقوی نے کی ہے۔