لکی مروت میں پولیس اسٹیشن کے قریب دھماکا، ڈی ایس پی سمیت 4اہلکار شہید
دہشتگردوں نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا، اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی اقبال مہمند نفری کے ساتھ پہنچے تو دہشتگردوں نے ان کی موبائل کو ریموٹ کنٹرول بم سے اڑادیا، 6اہلکار زخمی، ٹی ٹی پی نے ذمے داری قبول کرلی، ڈی آئی خان میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام، 2دہشتگردزخمی
خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں تھانہ صدر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت 4 اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی دہشتگردوں نے پولیس چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
ڈی آئی خان میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 3 اہلکار شہید ، 3 دہشتگرد ہلاک
چمن میں آپریشن کے دوران گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد، آئی ایس پی آر
لکی مروت پولیس کے مطابق تھانہ صدر پر دہشت گرد حملے کی اطلاع پر ڈی ایس پی اقبال مہمند موقع پر روانہ ہوئے تھے کہ پیر والا موڑ کے قریب اُن کی گاڑی کو آئی ای ڈی بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔دھماکے کے نتیجے میں ڈی ایس پی اقبال مہمند سمیت 4 اہلکار شہید اور 6 زخمی ہوگئے۔
لکی مروت : تھانہ صدر پر دہشتگردوں کے حملے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی لکی معہ پولیس نفری کے تھانہ صدر کی طرف روانہ ہوئے تو راستے میں پیروالا موڑ کے قریب IED بلاسٹ ہوا جس سے ڈی ایس پی اقبال مومند اور کانسٹیبلان وقار, علی مرجان اور کرامت اللہ شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوگئے. pic.twitter.com/hAFXyscQm8
— KP Police (@KP_Police1) March 29, 2023
ترجمان پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں میں کرامت، وقار، علی مرجان جبکہ زخمیوں میں ہیڈ کانسٹیبل فاروق، کانسٹیبل گلتیاز، اصغر، امانت اللّٰہ، عارف، اور سردار علی شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل دہشت گردوں نے تھانہ صدر پر حملہ کیا تھا، پولیس سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد فرار ہوگئے تھے۔ترجمان پولیس کے مطابق پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
The Tehrik-e-Taliban Pakistan (TTP) in a statement has claimed the attack in Lakki Marwat, adding that they had planned the attack on the police station and the subsequent IED planted for the police vehicle that had to cross that route. https://t.co/mtUpnhKJO8
— The Khorasan Diary (@khorasandiary) March 30, 2023
دریں اثنا تاہم خراسان ڈائری کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے پولیس اسٹیشن پر حملے اور پولیس موبائل کو ریموٹ کنٹرول دھماکے سے اڑانے کی ذمے داری قبول کرلی۔ دہشتگردوں نے فرار کے دوران پولیس اسٹیشن کو لکی مروت شہر سے ملانے والے پل کو بھی دھماکے سے اڑا دیا۔
دریں اثناخیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹکواڑہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔
پولیس کے مطابق تقریباً 6 دہشت گردوں نے راکٹ لانچرز سے چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ پولیس اور دہشتگردوں کے درمیاں 30 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی سے 2 دہشت گرد زخمی ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق دہشتگرد اپنے زخمی ہونیوالے دو ساتھیوں کو اٹھا کر پسپا ہو گئے۔ حملے کے نتیجے میں پولیس کا کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔پولیس نے قریبی علاقوں میں ملزمان کی تلاش کےلیے آپریشن شروع کردیا ہے۔
چارسدہ :سرڈھیری پولیس کی بڑی کاروائی, دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد، ایک دہشتگرد گرفتار
گرفتار دہشتگرد سی ٹی ڈی مردان ریجن کو متعدد دہشتگردی کے مقدمات میں مطلوب تھا جسکے قبضے سے دو ہینڈ گرنیڈ، 01 راکٹ لانچر گولہ اور 60 فٹ پرآئما کارڈ برآمد pic.twitter.com/vSQCYHHpFy— KP Police (@KP_Police1) March 29, 2023
اس سے قبل خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنادیا۔ترجمان پولیس کے مطابق بھاری مقدار میں بارودی مواد برآمد کرکے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار دہشتگرد کا تعلق کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی سے ہے۔