توشہ خانہ کیس: عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور، سماعت 29 اپریل تک ملتوی
عمران خان کے وکلاء توشہ خانہ کیس کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں گے۔ وکلاء آئندہ سماعت پر اس حوالے سے اپنے دلائل دیں گے۔
وفاقی دارالحکومت کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی قانونی ٹیم اور پراسیکیوٹر امجد پرویز کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ سنایا۔
سماعت کے دوران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وکیل نے تین دن کے لیے استثنیٰ کی درخواست دائر کرتے ہوئے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد بار تین دن سے احتجاج کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
آزاد عدلیہ کیلئے تحریک چلانی پڑی تو چلاٸی جاٸے گی، آل پاکستان وکلا کنونشن
ملک میں پانی کی شدید قلت؛ ارسا کا اہم ترین اجلاس کل ہوگا
جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل پرویز نے کہا کہ کیا عمران خان بھی احتجاج کررہے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ ملزم کے لیے مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت میں اپنی حاضری یقینی بنانا ضروری ہے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سربراہ کو عدالت میں پیش ہونا چاہیے تھا چہ جائے کہ کہ ان کے وکلاء احتجاج ہی کیوں نہ کررہے ہوں۔
جواب میں عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ان کے موکل کو دھمکیوں کا سامنا ہے جبکہ حکومت نے ان سے سیکیورٹی بھی واپس لے لی ہے۔
خواجہ حارث نے کہا کہ عمران خان سیکورٹی وجوہات کی بنا پر عدالت میں حاضر ہونے سے قاصر ہیں۔
عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے مزید کہا ک اگر عدالت کی اجازت ہو تو پی ٹی آئی چیئرمین ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت میں شرکت ہو سکتے ہیں۔ خواجہ حارث نے عدالت سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرنے کی استدعا کی۔
جج نے فریقین سے کہا کہ وہ باہمی مشاورت سے کیس کی اگلی سماعت طے کرنے میں عدالت کی مدد کریں۔ جس پر فیصل چوہدری نے تجویز دی کہ کیس کو رمضان کے بعد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
تاہم خواجہ حارث نے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔
بعد ازاں جج ظفر اقبال نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 29 اپریل تک ملتوی کردی۔
دریں اثنا عمران خان کے وکلاء توشہ خانہ کیس کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دیں گے۔ وکلاء آئندہ سماعت پر اس حوالے سے اپنے دلائل دیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں، عدالت نے توشہ خانہ کیس میں جج کے سامنے پیش ہونے کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری کو معطل کر دیا تھا۔