کوئٹہ ایئرپورٹ کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ، سپریم کورٹ کا وکیل قتل
پولیس حکام کے مطابق مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے وکیل کی شناخت عبدالرزاق کے نام سے ہوئی ہے۔
کوئٹہ ایئرپورٹ کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے وکیل قتل ہو گئے۔ وکیل کی شناخت عبدالرزاق کے نام سے ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ ایئر پورٹ کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے وکیل عبدالرزاق جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ریسکیو ٹیم نے وکیل کی لاش سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
راول ڈیم میں زہریلے کیمیکل کے اخراج سے بڑے پیمانے پر مچھلیاں اور آبی حیات ہلاک
راولپنڈی میں دوران ڈکیتی ڈاکوؤں کی فائرنگ، احتساب عدالت کے جج سردار امجد اسحاق جاں بحق
عینی شاہدین کے مطابق وکیل عبدالرزاق کی گاڑی کو موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا ، جس کے بعد ملزمان آسانی سے فرار ہو گئے۔
فائرنگ کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری اور وکلاء کی بڑی تعداد بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ وکیل کی ہلاکت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد وکلاء کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ وکیل عبدالرزاق کی لاش کو ضروری کارروائی کے لیے سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی سول اسپتال کے باہر تعینات کردی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیئے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ فائرنگ کا پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔ تاہم ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔