پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشیں ، آسمانی بجلی گرنے سے 9 افراد جاں بحق

پی ایم ڈی نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ سمیت ملک بھر میں مزید موسلادھار بارشوں کی وارننگ دی ہے۔ پری مون سون بارشوں سے پاکستان کے مختلف شہروں میں گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔

پری مون سون بارشوں سے جہاں گرمی کی شدت میں کمی آئی ہے وہیں پنجاب کے مختلف شہروں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں کئی افراد جان کی بازی بھی ہار گئے ہیں۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے طغیانی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

ملک میں جاری چلچلاتی گرمی میں پری مون سون بارشوں کمی واقع ہوئی ہے، گرمی کے مارے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلادھار بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں زیرآب آگئیں جس سے مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ مزید برآں، موسلا دھار بارش کے نتیجے میں لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے متعدد فیڈر ٹرپ کر جانے سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شکر گڑھ، جہلم، گجرات ، شیخوپورہ، اور نارووال سمیت ملک کے دیگر حصے موسلادھار بارش کی لپیٹ میں رہے۔

یہ بھی پڑھیے 

لال مسجد کے مولانا عبدالعزیز اور انکی اہلیہ ام حسان کے خلاف دہشتگردی کے مقدمات درج

وزیر ریلوے  خواجہ سعد رفیق کا بڑی عید کی مناسبت سے عوام  کیلئے بڑا ریلیف

مذکورہ علاقوں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے شروع ہونے والے بارش سے متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور شہریوں کو صبح کے وقت اپنے کام کی جگہوں اور دیگر مقامات پر جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ لکشمی چوک میں حیران کن طور پر 241 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ بارش ایئرپورٹ پر 226 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) کے مینیجنگ ڈائریکٹر غفران احمد کا کہنا ہے کہ اس وقت شہر میں نکاسی آب کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی کے لیے تمام ضروری مشینری اور عملہ فعال ہے۔

بارش سے مختلف شہروں میں 9 افراد جاں بحق، 6 زخمی

نارووال اور شیخوپورہ کے اضلاع میں اتوار کو آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 9 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے۔

یہ واقعات ایک طاقتور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی شدید بارش کے بعد پیش آئے جو متاثرہ علاقوں سے گزرے۔ نارووال ضلع کے گاؤں چنگووالی میں واقع موضع رتن پور میں آسمانی بجلی گرنے کا واقعہ پیش آیا۔ اس المناک واقعے میں چار افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور دو بچوں سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔

حادثے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں نے زخمیوں کو فوری پر قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ایک اور واقعہ پسرور کی تحصیل بھگت پورہ میں پیش آیا جہاں 14 سالہ حافظ وقار نامی نوجوان آسمانی بجلی گرنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ اس واقعے میں اس کی والدہ اور خالہ بھی شدید زخمی ہوئیں ہیں۔

مزید برآں، پسرور کے ایک اور واقعے میں 17 سالہ کاشف علی نامی نوجوان کھیتوں میں کام کرتے ہوئے آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہوگیا۔

مزید بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مغربی ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو گئی ہیں۔

اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، راولپنڈی، جہلم، فیصل آباد، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، بھکر اور لیہ میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ زیارت، لورالائی، ژوب، بارکھان، کوہلو، قلات، خضدار اور نوشکی کے علاقوں میں آندھی اور تیز بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کے لپیٹ رہیں گے، جبکہ گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔  کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

متعلقہ تحاریر