ٹرپ ایڈوائزر کا تھائی لینڈ کے ہوٹل کے لیے انتباہ

تھائی لینڈ کے ہوٹل نے خراب ریوو دینے پر سیاح کے خلاف چارہ جوئی کردی

ٹرپ ایڈوائزر نامی آن لائن ٹریول کمپنی نے سیاحوں کو تنبیہ کی ہے کہ تھائی لینڈ کے سی ویو ہوٹل اینڈ ریزاٹ نے سیاح کو خراب جائزہ یا ری ویو دینے پر جیل بھجوادیا ہے۔

تھائی لینڈ کے شہر کوچینگ میں واقع ہوٹل نے ہتک عزت کے قانون کے تحت سیاح کے خلاف قانونی کارروائی کی تھی۔ سیاح نے سیرو سیاحت کی ویب سائٹ پر ہوٹل کے بارے میں خراب ری ویو دیا تھا۔

امریکی سیاح ویسلے بارنس کو خراب ری ویو دینے کے الزام میں مقامی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔

ویسلے بارنس کا کہنا تھا کہ ہوٹل کے عملے کا رویہ غیر دوستانہ تھا۔ کوئی مسکرا کر نہیں دیکھ رہا تھا۔ وہ ایسے پیش آرہے تھے جیسے وہ نہیں چاہتے کہ کوئی یہاں آئے۔

یہ بھی پڑھیے

مثلِ جنت وادی سوات

سیاحوں کو متوجہ کرنے والا شفاف پانی

ہوٹل نے ویسلے بارنس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی اور انہیں دو دن کے لیے پولیس کی تحویل میں رہنا پڑا تھا۔

بعد ازاں ویسلے بارنس نے معافی نامہ تحریر کیا اور ضمانت پر رہائی حاصل کی تھی۔

ٹرپ ایڈوائزر نامی ادارے نے ویسلے بارنس کی حمایت اور سیاحوں کے حقوق اور ان کے حق اظہار رائے کے لیے آواز بلند کی ہے۔

کمپنی نے بارنس کے لئے قانونی فیس ادا کی اور مذاکرات کرنے میں مدد بھی کی ہے۔

ٹرپ ایڈوائزر کے عالمی مواصلاتی و صنعتی امور کے سربراہ برائن ہوئٹ کا کہنا ہے کہ ٹرپ ایڈوائزر سمجھتی ہے کہ ہر سیاح کو اپنے سیاحتی تجربات کے بارے میں لکھنے کا حق حاصل ہے۔ چاہے وہ اچھا ہو یا برا۔

ادارے کا کہنا ہے کہ ٹرپ ایڈوائزر ایسے اقدام کی سخت مخالفت کرتا ہے کہ کسی کو اس کے اظہار رائے کے باعث مقامی قانون کے تحت جیل بھیج دیا جائے۔

یہ اقدام دوسرے سیاحوں کو اپنی منزل کا انتخاب کرنے سے پہلے ہی انتباہ کرنے کی کوشش میں اٹھایا گیا ہے۔

تاہم سی ویو ہوٹل اینڈ ریزارٹ نے ٹریولنگ سائٹ کی جانب سے کیے جانے والے اس اقدام پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر