خزانہ خالی: وزیراعظم کے ایک مشیر اور چار معاون خصوصی مزید تعینات

صدر مملکت کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فیکیشن کےمطابق مشیر اور معاون کے عہدے وزیر مملکت کے برابر ہوں گے۔

سابق بیوروکریٹ احد خان چیمہ سمیت مسلم لیگ نواز کے چار رہنماؤں کو وزیراعظم شہباز شریف کا مشیر اور معاون خصوصی مقرر کردیا گیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایک جانب خزانہ خالی ہونے کا رونا رو رہی وہیں دوسری جانب وزراء اور مشیران کی فوج تیار کی جارہی ہے۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیے کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے احد چیمہ کی بطور مشیر وزیراعظم تعیناتی کی منظوری دی۔

یہ بھی پڑھیے

مریم نواز کو لوڈشیڈنگ میں کمی کا سوال مہنگا پڑگیا، عوام  کی شدید تنقید

رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین انتقال کرگئے

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ احمد چیمہ کی بطور مشیر تعیناتی کی منظوری وزیراعظم کی ایڈوائس پردی گئی۔

گزشتہ دنوں احد چیمہ نے استعفیٰ دیا تھا اور حکومت پاکستان سے سخت مایوسی کا اظہار کیا گیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سینیٹر اور تین ممبران قومی اسمبلی کو معاونین خصوصی  بھی تعینات کر دیا۔

قومی اسمبلی کے رکن محمد جنید انوار چوہدری کو وزیر اعظم شہباز شریف کا معاون خصوصی مقرر کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی محمد جنید انوار کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا، محمد جنید انوار چوہدری وزیراعظم شکایات سیل کے سربراہ ہوں گے۔

انکے علاوہ سینیٹر حافظ عبدالکریم، ممبر قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم اور شیخ فیاض الدین کو بھی معاون خصوصی مقرر کیا گیا۔ معاون خصوصی کے عہدے بھی وزیر مملکت کے برابر ہوں گے۔چاروں معاونین کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے۔

متعلقہ تحاریر