جے یو آئی ف کا  سندھ میں دوبارہ بلدیاتی انتخابات کروانے کا مطالبہ

جے یو آئی نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیکر بلدیاتی انتخابات دوبارہ کرائیں

جمعیت علمائے اسلام(ف ) کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد خالد محمود سومرو کی ہدایت پر سکھر میں بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا گیا اور الیکشن میں دھاندلی سمیت الیکشن کمیشن کی ناقص کارکردگی کے خلاف نعرے  بازی کی گئی۔

جے یو آئی ضلع سکھر کے سیکریٹری جنرل  مولانا محمد صالح کی زیر قیادت میں کیے گئے احتجاج کے دوان مظاہرین نے ہاتھوں میں الیکشن کمیشن پاکستان کے خلاف مذمتی پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پی پی نے میدان مارلیا

اس موقع پر جے یو آئی  کے رہنماؤں نے  بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی ناقص کارکردگی اور انتظامیہ کی جانب سے مخالف امیدواروں کی سرپرستی سمیت جے یو آئی کارکنان  پر  تشدد  کی سخت مذمت کی ۔

جے یو آئی کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے صاف و شفاف الیکشن کرانے کے بجائے فقط ایک جماعت کی کامیابی کیلئے دیگر جماعتوں کی شکایات پر آنکھیں موند لی  جبکہ پی پی نمائندگان کی جانب سے بے دریغ سرکاری مشینری کا استعمال کیا گیا ۔

انہوں نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر پولیس اور الیکشن کمیشن عملے کی موجودگی میں بوگس اور جعلی ووٹ ڈالے گئے جبکہ  الیکشن کمیشن اور انتظامیہ شکایات کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی۔

جے یو آئی کے رہنماؤں کا کہناتھا کہ کندھ کوٹ، تنگوانی،پنوعاقل، جوٹاسسمیت لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی کے کارکنان نے جمعیت علماءاسلام کے کارکنان کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

مولانا محمد صالح نے کہا کہ سکھر،پنو عاقل، لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد، میرپور خاص ڈویژن میں بوگس ووٹ ڈال کر پی پی امیدواروں کو کامیاب کرایا گیا ۔

جے یو آئی نے چیف جسٹس پاکستان سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیکر بلدیاتی انتخابات دوبارہ کرائیں ۔

متعلقہ تحاریر