کراچی سیلاب کے خطرات سے دو چار ، ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا

یکم سے 5 جولائی تک کراچی،حیدرآباد، بدین اور ٹھٹھہ سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے

پی ڈی ایم اے نے رواں ہفتے سندھ میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا۔ یکم سے 5 جولائی تک سندھ کے دارالحکومت کراچی، حیدرآباد، بدین اور ٹھٹھہ سمیت سندھ کے کچھ حصوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے رواں ہفتے سندھ میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق موسلا دھار بارشوں کے باعث کراچی اور حیدرآباد میں 3 سے 5 جولائی تک شہری سیلاب کا خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سینیٹر شیری رحمان نے بدترین سیلاب کی پیش گوئی کردی

پی ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کی انتظامیہ کو شہری سیلاب اور دیگر خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے نکاسی آب کے لیے عملے اور مشینوں کی دستیابی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ ضرورت مندوں کی مدد کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن کی سہولت فراہم کی جائے اور ہسپتالوں میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لیے جنریٹر اور دیگر مشینیں فراہم کی جائیں۔

پی ڈی ایم اے نے ماہی گیروں کو 3 سے 5 جولائی تک سمندر میں نہ جانے کی خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

جبکہ  دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شدید بارشوں کے خطرے کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کردیا ہے ۔

محکمہ موسمیات  کی جانب سے  بالائی اور وسطی  علاقوں میں بارش کی   پیش گوئی کے بعد این ڈی ایم اے نے صوبائی محکموں، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور دیگر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی  ہیں۔

متعلقہ تحاریر