کراچی سے 1595 ارب روپے کا ریکارڈ ٹیکس وصول
مالی سال 2022 میں کراچی کی بڑی کمپنیوں سے 1595 ارب روپے کا ریکارڈ ٹیکس وصول کیا

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مالی سال 2022 میں کراچی کی بڑی کمپنیوں سے 1595 ارب روپے کا ریکارڈ ٹیکس وصول کیا ۔گزشتہ سال 122 ارب روپے کی ٹیکس وصولیا ں کی گئیں تھیں۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کراچی لارج ٹیکس آفس کے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ مالی سال لے مقابلے میں مالی سال 2022 میں کراچی کی بڑی صنعتوں سے ٹیکس وصولی 42 فیصد زائد رہی۔
یہ بھی پڑھیے
ڈالر نے روپے کو روندھ ڈالا، ایک سال میں 47 روپے کا ریکارڈ اضافہ
مالی سال 2022 میں لارج ٹیکس وصولی 1595 ارب روپے رہی جبکہ مالی سال 2021 میں کراچی کی بڑی کمپنیوں سے 1224 ارب روپے وصول ہوئے تھے۔
ایف بی آر کے مطابق مالی سال 2022 میں ٹیکس وصولی ہدف سے 146 ارب روپے زائد وصول ہوئی۔ جون 2022 میں بڑی کمپنیوں سے ٹیکس وصولی 196 ارب روپے رہی جبکہ جون 2022 میں بڑی کمپنیوں سے ٹیکس وصولی کا ہدف 170 ارب روپے رکھا گیا تھا۔
اعلامیے کے مطابق جون کی ٹیکس وصولیاں پچھلے سال کی نسبت 32 فیصد زیادہ ہیں۔ جون 2022 میں ٹیکس دہندگان کو 39 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے۔
گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 27 ارب روپے کے ریفنڈزجاری کئے گئے تھے ۔ جون کے ٹیکس ریفنڈز پچھلے سال کی نسبت 44 فیصد زیادہ ہیں۔
خیال رہے کہ ڈائریکٹ ٹیکسز کی مد میں 32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ انکم ٹیکس کی مد میں 2278 ارب روپے کے ٹیکسز اکٹھے ہوئے ۔گزشتہ سال انکم ٹیکس کی مد میں 1731ارب روپے حاصل ہوئے تھے۔
سیلز ٹیکس کی مد میں 2525 ارب روپے کے ٹیکسز اکٹھے ہوئے۔ گزشتہ سال سیلز ٹیکس کی مد میں 1983ارب روپے حاصل ہوئے تھے۔
کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 1000 ارب روپے کے ٹیکسز اکٹھے ہوئے۔گذشتہ سال کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 747ارب روپے حاصل ہوئے تھے۔









