طورخم بارڈر: واپسی کی اجازت نہ ملنے پر افغان باشندے نے خودکشی کرلی
خودکشی کرنے والے ننگرہار کے رہائشی سید محمد کو بغیر ویزے کے افغانستان واپسی کی اجازت نہیں مل رہی تھی۔

طورخم بارڈر پر وطن واپسی کی اجازت نہ ملنے پر افغان شہری نے خودکشی کرلی۔ ایک ہفتے سے بارڈر پر پھنسے افغان شہری نے ٹریلر کے نیچے آکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق طورخم بارڈر پر افغان شہری نے وطن واپسی کی اجازت نہ ملنے پر ٹریلر کے نیچے آکر خود کشی کرلی۔ جاں بحق افغان نوجوان کی شناخت سید محمد ساکن ننگرہار کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
بہاولنگر میں بااثر افراد کا تھانے میں لیڈی ڈاکٹر پر تشدد، ایس ایچ او تماشہ دیکھتا رہا
پنوعاقل کے قریب ایل پی جی گیس کی ٹنکی میں آتشزدگی، 3 افراد جھلس کر جاں بحق
ذرائع نے بتایا کہ افغان نوجوان بارڈر پر بغیر ویزہ واپسی کی اجازت نہ ملنے پر دلبرداشتہ تھا۔خودکشی کرنے والے افغانی باشندہ ایک ہفتے سے وطن واپسی کی انتظار میں لگاتار منتیں کرتا رہا ، لیکن اجازت نہیں ملی۔
واضح رہے کہ پاک افغان طورخم بارڈر پر افغانی شہریوں کو وطن واپسی میں انتہائی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے بغیر ویزہ یا پاسپورٹ کسی بھی افغانی شہری کو وطن واپسی کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔
کچھ عرصے سے پاک افغان سرحد پر افغانی شہری جو صرف افغانی تزکرہ رکھتے ہیں پھنسے ہوئے ہیں جو بار بار اپنے وطن واپسی کے مطالبے کرتے ہیں لیکن طورخم بارڈر پر پالیسی کے تحت کسی بھی افغانی شہری کو بغیر پاسپورٹ و ویزہ اجازت نہیں دی جائے گی.
طورخم بارڈر پر موجود اہلکاروں نے بتایا ہے کہ خودکشی کرنے والے افغانی باشندہ لگاتار منتیں کررہا تھا مگر آج بھی اجازت نے ملنے پر اس نے انتہائی اقدام اٹھالیااور اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
خودکشی کے اس واقعے کے بعد طورخم بارڈر پر موجود دیگر افغانیوں نے شدید احتجاج شروع کردیا ، جس پر پاک افغان طورخم بارڈر کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔