اندھیر نگری چوپٹ راج ، سکھر انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت سے جناح اسٹیڈیم تالاب میں تبدیلی
بارش کو ہوئے دو روز گزرنے کے باوجود بلدیہ عظمیٰ سکھر کی غفلت کے باعث شہر کے بیشتر تجارتی اور رہائشی علاقوں میں تاحال پانی کھڑا ہے۔
سکھر: بلدیہ عظمیٰ سکھر کے افسران کی مجرمانہ خاموشی ، جناح میونسپل اسٹیڈیم برساتی پانی کی نظر ہو گیا ، کئی روز گذرنے کے باوجود صفائی کا عمل شروع نہ ہوسکا ہے ، شہریوں نے حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے دیگر شہریوں سمیت سکھر میں بھی طوفانی ہواؤں کیساتھ ہونی والی بارش کے بعد سکھر انتظامیہ کی مثالی کارکردگی کی قلعی کھل گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
موسلادھار بارشوں کے بعد دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی
بارش نے سندھ حکومت اور مرتضیٰ وہاب کی کارکردگی کو ڈبو دیا
انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث دو روز گذرنے کے باوجود شہر کے رہائشی ، تجارتی ، کاوباری مراکز و شاہراہ پر برساتی و سیوریج کا پانی جمع ہے۔
ادھر سکھر کا واحد کھیل کا میدان جناح میونسپل اسٹیڈیم بھی کئی روز سے گندے اور برساتی پانی کے جمع ہونے کی وجہ سے تالاب کا منظر پیش کر رہا ہے۔
جناح میونسپل اسٹیڈیم سکھر میں برساتی پانی جمع ہونے کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر ہیں۔
سکھر انتظامیہ کی جانب سے صفائی کے بلند بانگ دعوﺅں کے باوجود ابتک متاثرہ علاقوں میں صفائی کے انتظامات بھی بہتر نہیں بنائے جاسکے ہیں۔
شہر کے مختلف رہاشی و تجارتی علاقوں میں برساتی پانی جمع ہے وہیں نالیاں اور گٹر ابلنے سے سیوریج کا گندہ پانی بھی جمع ہو کر تالاب کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے۔
صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر جمع ہو چکے ہیں ، بلدیہ عظمیٰ سکھر کے ناقص انتظامات پر شہری حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ ، صوبائی وزیر بلدیات ، کمشنر ، ڈپٹی کمشنر ، ایڈمنسٹریٹر ، میونسپل کمشنر سمیت دیگر بالا حکام سے نوٹس لیکر شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔