عمران خان کا ترک صدر اور عوام کو فوجی بغاوت ناکام بنانے پر خراج تحسین

عمران خان نے ترک یوم جمہوریت پر صدر طیب اردگان اور عوام کو 15 جولائی 2016 میں فوجی بغاوت ناکام بنانے  کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر رجب  طیب اردگان اور ترکی کی عوام کو فوجی بغاوت ناکام بنانے کی کوششوں پر مبارکباد دی ہے ۔

مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹرپرسابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک پیغام میں ترکی کے یوم جمہوریت پر صدررجب طیب اردگان اور ترک عوام کو 15 جولائی 2016 میں فوجی بغاوت ناکام بنانے  کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کی ۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم کا دورہ: معاشی طور پر بدحال ترکی پاکستان کی کیا مدد کرپائے گا؟

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 15 جولائی 2016  اس دن کی یاد دلاتا ہے جب رجب طیب اردگان  نے اہل ترکیہ کی مدد سے اپنے حکومت کے خلاف ہونے والی فوجی بغاوت ناکام بنائی۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ یومِ جمہوریت اور قومی اتحاد کے موقع پر میں صدر طیب اردگان اور ترکیہ کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ 6 سال قبل 15 جولائی کی شب ترک فوج کے باغی دستوں نے صدر رجب طیب اردگان کی حکومت کا تختہ پلٹ کر اقتدارپر قبضہ کرنے کی کوشش کی تھی تاہم ترک عوام نے فوجی بغاوت ناکام بنادی تھی ۔

باغی فوجیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہماری کارروائی کا مقصد ملک میں آئینی و جمہوری انسانی حقوق کی بحالی ہے اور جمہوری قدروں کو استحکام بخشنے کے لیے ہم اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ناکام فوجی بغاوت میں کرنل درجے کے افسران شامل تھے جنہوں نے ترک فوج کے سربراہ جنرل خلوصی آکار سمیت متعدد اعلیٰ فوجی افسران کو یرغمال بنالیا تھا  تاہم رجب طیب کے حامی فوجیوں اور عوام نے ملکر بغاوت ناکام بنادی تھی ۔

مسلح فوجی بغاوت کے نتیجے میں 194 افراد  ہلاک ہوئے تھے جن میں سے 94 سے زائد باغی فوجی شامل تھے۔ اس واقعے کے بعد 25 کرنل اور 5 جنرلز کو عہدوں سے فارغ کرکے سزائیں دی گئیں تھیں۔

متعلقہ تحاریر