فوج میں بھرتی کیلیے جانے والوں 3 نوجوان ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا
آرمی میں بھرتی کیلئے جانے والے پانچ دوستوں میں سے تین کو ڈاکوؤں نے اغواء کر لیا ،دو رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاکر اپنے اپ کو بچانے میں کامیاب ہوگئے
سکھر میں آرمی میں بھرتی کے لئے جانے والے پانچ دوستوں میں سے تین کو ڈاکوؤں نے اغواء کرلیا جبکہ دو نوجوان اپنے اپ کو بچانے میں کامیاب ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق کوٹڑی کبیر کے بے روزگار نوجوان آرمی میں بھرتی کے لئے رکشے میں پنو عاقل چھاؤنی جا رہے تھے کہ راستے میں 5 مسلح افراد نے ان کے رکشے کو روک لیا ۔ ڈاکوؤں نے 3 لڑکوں کو اغوا کرلیا جبکہ 2 لڑکے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر اپنے آپ کو بچانے میں کامیاب ہوگئے ۔
یہ بھی پڑھیے
سکھر کا رہائشی دوسری بیوی کے ہاتھوں سونے اور نقدی سے محروم ہوگیا
اغوا ہونے والوں میں کوٹڑی کبیر کے رہائشی شکیل احمد ملاح ،گاؤں ساون سہتو کے سرفراز سہتو اور ٹھری میر واہ کے فدا حسین ملاح شامل ہیں جبکہ کوٹڑی کبیر کا رہائشی حمید ملاح اور رسول آباد کا رہائشی خالد سولنگی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے سے بچ گئے ۔
ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے سے بچ جانے والے حمید ملاح کے مطابق رکشہ ڈرائیور ڈاکوؤں کا ساتھی تھا جس نے دبرا اسٹاپ لونی کوٹ کے قریب رکشے میں پانی ڈالنے کے بہانے رکشہ روکا تو اچانک سے 5 مسلح افراد نمودار ہوئے جنہوں نے تین افراد کو اسلحہ کے زرو پر اغوا کرلیا ۔
حمید ملاح نے بتایا کہ رات 12 بجے فوجی ٹریننگ کے لیے سکھر سے رکشے میں سوار ہوکر پنو عاقل چھاؤنی کی جانب رواں دواں تھے کہ اس دوران یہ نا خوشگوار واقعہ پیش آیا ۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مغوی افراد کے خاندانوں میں میں کہرام مچ گیا ۔ اذیت سے دوچار مغویوں کے لواحقین نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ مغویوں کے اہلخانہ نے مطالبہ کیا کہ ا ن کے پیاروں کو با حفاظت بازیاب کروایا جائے ۔