پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران 693 نئے کورونا کیسز رپورٹ
این آئی ایچ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید دو افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
ملک بھر میں کورونا کے وار ایک مرتبہ پھر تیز ہو گئے ہیں ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے 693 کے قریب کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے متاثرہ مزید دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔
نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں اب مجموعی طور پر 15 لاکھ 49 ہزار 766 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جب کہ وائرس سے 30 ہزار 464 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ شرح اموات 2 فیصد پر برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھیے
شمالی وزیرستان پولیو کا گڑھ بن گیا،رواں سال 12واں کیس رپورٹ
ڈبلیو ایچ او نے یورپ کو منکی پاکس وباء کا گڑھ قرار دے دیا
این آئی ایچ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق گزشتہ روز کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے 23 ہزار 432 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مثبت کیسز کا تناسب 2.96 فیصد رہا۔
COVID-19 Statistics 23 July 2022
Total Tests in Last 24 Hours: 23,423
Positive Cases: 693
Positivity %: 2.96%
Deaths: 02
Patients on Critical Care: 180— NIH Pakistan (@NIH_Pakistan) July 23, 2022
این آئی ایچ کے مطابق اب تک ہونے والے ٹیسٹوں کی کل تعداد 2 کروڑ 965 ہزار 160 تک پہنچ گئی ہے جب کہ کورونا وائرس کے 592 مریض انتہائی نگہداشت میں ہیں۔
دوسری جانب بلوچستان میں مون سون کی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث صوبے کے 17 اضلاع میں کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے ، جبکہ ڈائریا اور ہیضے کے باعث 11 افراد جاں بحق ہو گئے۔
این آئی ایچ کے حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں حالیہ مون سون بارشوں کے بعد مختلف علاقوں میں پیٹ اور آنتوں کی بیماریاں پھیل گئی ہیں۔ دس روز میں ڈائریا اور ہیضے کے باعث 11 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔ ژوب میں ڈائریا سے 9 اور خضدار میں ہیضے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مون سون کی بارشوں کے دوران بلوچستان میں مختلف حادثات میں 90 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ حکومت کی جانب سے صوبے کے 10 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔









