شہباز حکومت نے پی ٹی آئی دورکے عوامی فلاحی منصوبے اپنانا شروع کردیئے

مفتاح اسماعیل نے کہا موجودہ حکومت پی ٹی آئی دور کی میرا پاکستان میرا گھرسکیم کے تحت قرضوں کی فراہمی جاری رکھے گی

وفاقی حکومت نے سابق تحریک انصاف کی حکومت کے عوامی فلاح کے منصوبوں کو ایک ایک کرکے اپنانا شروع کردیا ہے۔ شہباز حکومت نے پی ٹی آئی دور کے منصوبے میرا گھر اسکیم کے تحت منظور شدہ درخواست دہندگان کو قرضوں کی فراہمی کا اعلان کردیا ۔

وفاقی وزیرخزانہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ موجودہ حکومت میرا پاکستان میرا گھرسکیم کے تحت قرضوں کی فراہمی جاری رکھے گی۔ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ میرا گھر سکیم کے تحت منظور شدہ درخواست دہندگان  کو قرضہ  فراہم کیا جا ئے گا ۔

یہ بھی پڑھیے

اسٹیٹ بینک نے میرا گھر اسکیم کے تحت قرض کی فراہمی روک دی

وزیرخزانہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک پاکستان کے حکام کے ساتھ ایک اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ میرا گھر اسکیم کے تحت جو درخواستیں منظور ہوچکی اور جو افراد بیانہ (ایڈوانس ) دے چکے ہیں انہیں کم شرح سود پر قرض فراہم کیے جائیں گے ۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت ایم جی ایم پی ہاؤسنگ لون اسکیم کو ان تمام لوگوں کے لیے جاری رکھے گی  جبکہ  کمرشل بینکس  سے شرح سود میں کمی کی بھی درخواست کرے گی ۔

وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت ابھی بھی اسکیم کو سستی اور وسیع تر بنانے کے لیے اس کی تشکیل نو کے عمل میں ہے جلد نظرثانی شدہ اسکیم کو متعارف کروایا جائے گا۔

خیال رہے کہ  چند روز قبل وفاقی حکومت نے میرا پاکستان میرا گھر اسکیم پر عملدرآمد روک دیا تھا ۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت وفاقی حکومت نے  ہاؤسنگ اسکیم کو عارضی طور پر روکنے کے احکامات جاری کیے تھے ۔

شہباز حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں شروع کی گئی اسکیم میرا پاکستان میرا گھر (ایم پی ایم جی) اسکیم پر عمل درآمد روک دیا تھا تاہم اب موجودہ حکومت عمران خان دور حکومت کے عوامی فلاحی منصوبوں کو ایک ایک کرکے اپنانا شروع ہو گئی ہے ۔

اسٹیٹ بینک پاکستان کے مطابق میرا پاکستان میرا گھر اسکیم روایتی اور اسلامی  طریقوں میں دستیاب ہے اورملک بھر کے بینک کم سے متوسط ​​آمدنی والے گروپوں کو مکانات کی تعمیر کے لیے انتہائی کم مالیاتی شرحوں پر قرضے فراہم کرتے ہیں۔

متعلقہ تحاریر