گال ٹیسٹ: سری لنکا کا پاکستان کو 508 رنزکا ہدف، شاہین میچ بچانے میں مصروف
پاکستان نے 508 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 89 رنزبنالیے، بابراعظم اورعبداللہ شفیق کریز پر موجود ہیں

پاکستان اورسری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے کھیل میں لنکن ٹائیگرز نے شاہینوں کو جیت کے لیے 508 رنزکا ریکارڈ ہدف دے دیا۔ گرین کیپس نے 508 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ کے نقصان پر 89 رنز بنالیے ۔
گال میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پر شاہینوں نے ایک وکٹ کے نقصان 89 رنز اسکور کرلیے ہیں جبکہ کپتان بابراعظم 26 اور امام الحق 46 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
فاسٹ بولر انور علی کے گھر ننھی پری کی آمد
پاکستانی شاہینوں میچ بچانے کے لیے کل 419 رنز درکار ہیں جبکہ لنکن ٹائیگرز کو 9 وکٹ درکا ر ہونگی۔ دوسری اننگز کا آغازعبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا تاہم عبداللہ شفیق 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔
اس سے قبل سری لنکا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 176 پرشروع کی جبکہ اسکے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ لنکن ٹائیگرزنے دوسری اننگز 360 رنزپر ڈکلیئر کرکے شاہینوں کو 508 رنز کا ہدف دیا ۔
دھننجایا ڈی سلوا نے 109 رنز بنائے جو کہ ان کی نویں ٹیسٹ سنچری ہے اور اس دھواں دھار بیٹنگ سے سری لنکا کو گال ٹیسٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کرنے میں مدد ملی۔
واضح رہے کہ سری لنکا نے پہلی اننگز میں 378 رنز بنائےتھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 231 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔پاکستان کو دو میچز کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔









