حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا، کورکمانڈر کوئٹہ سمیت تمام افسران شہید

افسوس ناک حادثے میں کو رکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی، بریگیڈئیرامجد حنیف، بریگیڈئیر خالد، میجر سعید، میجرطلحہ اور نائیک مدثر  شہید ہوگئے

بلوچستان میں سیلاب زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں میں مصروف پاکستان آرمی کا ہیلی کاپٹرلسبیلہ کے قریب گرکرتباہ ہوگیا۔ حادثے میں کور کمانڈر کوئٹہ سمیت 6 افسران شہید ہوگئے ۔

افواج پاکستان کےشعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں سیلاب زدگان کے لیے امدادی سرگرمیوں کے دوران فوجی ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں گرکرتباہ ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار 12 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی سمیت تمام چھے افسر اوراہلکار شہید ہوگئے ۔

یہ بھی پڑھیے

ریلوے افسران کا احسن اقدام، فلڈ ریلیف فنڈ میں ایک روز کی تنخواہ جمع کروائیں گے

اس افسوس ناک حادثے میں شہید ہونے والے دوسرے افسران میں بریگیڈئیرامجد حنیف ڈائریکٹرجنرل کوسٹ گارڈ، بریگیڈئیر خالدکمانڈر کورانجنیئر12 کور، میجر سعید (پائلٹ)، میجرطلحہ (پائلٹ) اور نائیک مدثر شامل ہیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ  ٹوئٹر پراپنے پیغام میں آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پیرکی رات آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرکا بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں پرواز کے دوران میں ایئرٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق متاثرہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسیٰ گوٹھ، وندر اور لسبیلہ  کے قریب سے برآمد ہوا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کے باعث پیش آیا۔

 

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق ہیلی کاپٹر صوبے میں سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف تھا جس میں کورکمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی ، دوبریگیڈئیر اور دو میجر سوار تھے ۔

واضح رہے کہ پاکستان آرمی، فرنٹیئرکوراورپاکستان بحریہ بلوچستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے  جہاں بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہونے سے ان تک 132 افراد جاں بحق جبکہ سیکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔

نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈے ایم اے ) کے مطابق  لسبیلہ میں سیلاب سے متعدد سڑکیں اور پل بہ گئے جن کے نتیجے میں لسبیلہ کا صوبہ سندھ سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

متعلقہ تحاریر