کاروباری ہفتے کے دوران امریکی ڈالر15روپے سستا، اسٹاک میں 1946 پوائنٹس کا اضافہ

حالیہ کاروباری ہفتے کے دوران ڈالر کی قیمت میں 15 روپے 33 پیسے جبکہ سونا 17 ہزار 700 روپے فی تولہ سستا ہوا،حصص بازار کا 100 انڈیکس 1946پوائنٹس اضافے سے 42ہزار 96 پوائنٹس پر بند ہوا

حالیہ کاروباری ہفتے کے دوران امریکی ڈالر کی قیمت میں 15 روپے33 پیسے کمی ہوئی جبکہ اسٹاک مارکیٹ میں 1900 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی 17 ہزار 700 روپے کمی ہوئی۔

گزشتہ روز ختم ہونے والے کاروباری ہفتے کے دوران ڈالرکے مقابلے روپے کی قدر میں6 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ انٹربینک میں ڈالر15روپے 33 پیسے کمی کے بعد 224 روپے 4 پیسے کی سطح پر آگیا ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

مہنگائی میں مزید اضافہ، ہفتہ وار بنیادوں پر شرح 38.63 فیصد پر پہنچ گئی

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا پاکستان کی جانب سے لئے گئے اقدامات پر اعتماد کا اظہار اور دوست ممالک کی جانب سے قرض ملنے کی راہ ہموار ہونے پر روپے کی قدر میں اضافہ ہوا ۔

کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اورکاروباری حجم 75 فیصد بڑھ گیا۔ پی ایس ایکس کا 100 انڈیکس 1946 پوائنٹس کے اضافے سے 42 ہزار 96 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا ۔

دوسری جانب  سونے کی قیمتوں میں بھی ریکارڈ کمی دیکھی جارہی ہے۔ حالیہ کاروباری ہفتے کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت 17 ہزار700 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 41 ہزار 900 روپے ہوگئی ہے۔

دس گرام سونا15 ہزار 176 روپے کمی کے بعد ایک لاکھ 21 ہزار 655 روپے پر فروخت ہوا۔ سونا اپنی بلند ترین سطح سے 20 ہزار 600 روپے سستا ہو ا۔

متعلقہ تحاریر