شہباز گل بغاوت کیس ، عدالتی حکم پر ایس ایچ او کوہسار اور سٹی مجسٹریٹ کو نوٹسز جاری
رہنما تحریک انصاف نے اسلام آباد کی مقامی عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت 30 اگست کو خارج کرنے کے فیصلے کو عدالت عالیہ نے چیلنج کیا تھا۔
بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل ضمانت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایس ایچ او کوہسار پولیس اسٹیشن اور سٹی مجسٹریٹ اسلام آباد کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے شہباز گل کی جانب سے ضمانت کے لئے دائر درخواست کی سماعت کی۔ جنہوں نے اسلام آباد کی مقامی عدالت کی جانب سے درخواست ضمانت 30 اگست کو خارج کرنے کے فیصلے کو عدالت عالیہ نے چیلنج کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
شادی مرگ: سپریم کورٹ سے فیصلہ حق میں آنے پر بزرگ چل بسے
دہشتگردی کیس ، عمران خان کی ضمانت میں 12 ستمبر تک مزید توسیع
شہباز گل کی جانب سے وکیل شعیب شاہین اور احمد ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست میں شہباز گل کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ 9 اگست کو تھانہ کوہسار پولیس نے انہیں گرفتار کیا جب کہ 17 اگست کو ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔
انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی اور پمز ہسپتال اسلام آباد کے میڈیکل بورڈ نے درخواست گزار پر تشدد کی تصدیق کی۔
درخواست میں شہباز گل کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت عالیہ کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرے۔
عدالت نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ایس ایچ او کوہسار پولیس اسٹیشن اور سٹی مجسٹریٹ اسلام آباد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔