اے آر وائے کے بعد بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ بھی پیمرا کے نشانے پر آگیا

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی نے عدالتی احکامات اوروزارتِ داخلہ کے مراسلوں کی روشنی میں بول نیوز اوربول انٹرٹینمنٹ کی نشریات فوری طورپربند کرنے کا حکم دے دیا، بول انٹرٹیمنٹ کے لائسنس کی15 سالہ مدت دسمبر 2021 میں ختم ہوچکی ہے جبکہ کمپنی نے تجدید کیلئے  درخواست بھی نہیں دی

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ کی نشریات بند کر نے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بول انٹرٹیمنٹ کے لائسنس کی15 سالہ مدت دسمبر 2021 میں اختتام پذیر ہوگئی ہے۔ جبکہ انتظامیہ کی جانب سے لائسنس کی تجدید کیلئے درخواست بھی جمع نہیں کروائی گئی ہے۔

چیئرمین پیمرا محمد سلیم بیگ کی زیرصدارت اتھارٹی کا 174واں اجلاس ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا جس میں بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ کو جاری شدہ لائسنس سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔

یہ بھی پڑھیے

اے آر وائی نیوز کی بحالی، حکومت نے سخت شرائط لگا دیں، ذرائع

دوران اجلاس  شرکاء کو بتایا گیا کہ میسرز لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کو جاری شدہ لائسنسز اتھارٹی سے 2017 میں 131ویں اجلاس میں منسوخ کر دیئے تھے۔لائسنسز کی منسوخی، وزارتِ داخلہ کی جانب سے سیکورٹی کلیئرنس جاری نہ کرنے کی وجہ سے کی گئی۔

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا)کا حکم نامہ کمپنی کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں زیرِ التوا رہا جبکہ اس دوران چینلزنے اپنی نشریات جاری کئے رکھی تاہم سندھ ہائی کورٹ نے زیرِ التوا کیس کو 2021 میں نمٹا دیا۔

عدالت میں کیس کی سماعت کے دوران پیمرا نے موقف اختیار کیا  تھا کہ اگر وزارت داخلہ میسرز لبیک پرائیویٹ لمیٹڈکی سیکورٹی کلیئرنس جاری نہیں کرتی تو پیمرا دونوں چینلز(بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ)کی نشریات چلانے کی اجازت نہیں دے گا۔

پیمرا کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ  آج کی میٹنگ میں اتھارٹی نے تمام ریکارڈ عدالتی حکم نامہ اور وزارتِ داخلہ کی طرف سے جاری کردہ مراسلوں کا جائزہ لیتے ہوئے میسرز لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ کو جاری لائسنسز (بول نیوز اور بول انٹرٹینمنٹ) کے چینلز کی نشریات فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا۔

یاد رہے کہ بول انٹرٹیمنٹ کے لائسنس کی15 سالہ مدت دسمبر 2021 میں اختتام پذیر ہو گئی تھی اور کمپنی ہذا نے لائسنس کی تجدید کیلئے اتھارٹی کو کوئی درخواست بھی جمع نہیں کروائی گئی ہے ۔

متعلقہ تحاریر