سکھر کے علاقہ نیوگوٹھ میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سید خورشید شاہ کا اظہار برہمی
وفاقی وزیر آبی وسائل نے نیوگوٹھ میں صفائی کی ناقص صورتحال و ڈرینج نظام کی خرابی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ محکموں کو انتظامات بہتر بنانے کی ہدایات کیں۔
سکھر: وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے نیوگوٹھ میں صفائی کی ابتر صورتحال و علاقہ مکینوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لے لیا ، نیو گوٹھ سمیت دیگر علاقوں کا ہنگامی دورہ ، متعلقہ محکموں کو انتظامات بہتر بنانے کی ہدایات کیں اور علاقہ مکینوں کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے نیو گوٹھ میں صفائی کی ابتر صورتحال و علاقہ مکینوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے گذشتہ روز رکن سندھ اسمبلی سید فرخ شاہ کے ہمراہ نیو گوٹھ ، شکارپور روڈ ، شکارپور پھاٹک سمیت دیگر اطراف کے علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا۔
یہ بھی پڑھیے
سیشن و سول ججز کی قمبرشہداد کوٹ کے سیلاب متاثرین کو امداد کی یقین دہانی
سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ کے بیٹے اسد علی شاہ کی سندھ حکومت پر مسلسل تنقید
دورے کے دوران علاقہ مکینوں نے وفاقی و صوبائی وزراء کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے۔
دورے کے دوران انہوں نے نیو گوٹھ میں صفائی کی ناقص صورتحال و ڈرینج نظام کی خرابی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو انتظامات بہتر بنانے کی ہدایات کی۔
اس موقع پر راجپوت بندھانی ویلفئیر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شریف بندھانی،عبدالغفار پپی ،ناصر کوٹوال، سید انور شاہ ،سابق نائب ناظم محمد حنیف بندھانی ،کاشف وحید و دیگر علاقہ مکینوں نے وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ اور رکن سندھ اسمبلی سید فرخ شاہ سے ملاقات کی اور انہیں آگاہ کے نیو گوٹھ بندھانی محلہ مین شکارپور روڈ پر گذشتہ ڈھائی مہینے سے نکاسی آب کا نظام انتہائی خراب ہے۔ نالیوں اور گٹروں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندہ پانی سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے ، شکایات کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں ہے۔
اس پر وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ اور رکن سندھ اسمبلی سید فرخ شاہ نے علاقہ معززین کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دلاتے ہوئے کہا کہ شہر کے مسائل ہمارے مسائل ہے ، ان شاء اللہ بہت جلد یہ مسائل مستقل بنیاد پر حل کئے جائیں گے۔
معززین علاقہ نے وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ اور رکن سندھ اسمبلی سید فرخ شاہ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دو دفعہ متاثرہ علاقے کا وزٹ کیا اور مسائل کے مستقل حل کیلئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت جاری کیں۔