سائفر کی تلاش میں بنی گالہ پر چھاپہ مارنا چاہیے، مریم نواز

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے اور متفقہ  فیصلہ کریں گے کہ کیا کرنا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے سازش کی آڑ میں فوج پر تنقید کی ، لوگوں کو میر جعفر ، میر صادق اور جانور کے لقب دیئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ افسوس کے اس سب کے بعد عمران خان آزاد پھر رہا ہے۔ جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے عمران خان کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے جائیں گے امید ہے پارلیمنٹ اس کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کرے گی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا غداری کا جو لیبل عمران خان پر لگا ہے ، وہ آج تک کسی وزیراعظم کو نہیں لگا۔

یہ بھی پڑھیے

خاتون جج کو دھمکیاں : عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے

مودی سرکار نے بھارت میں حکومت پاکستان کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ غیرفعال کردیا

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تربیت میں شامل ہے کہ خواتین پر جملے کسے جائیں ، خواتین کو دھمکیاں دی جائیں۔

حکومت سے شکوہ کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا مجھے حکومت سے شکوہ ہے کہ قانون کے ہاتھ عمران خان کے گریبان تک کیوں نہیں پہنچتے۔؟

مریم نواز کا کہنا تھا میں یہ نہیں کہتی کہ اس پر ایفی ڈرین کا کیس بنا دو، اس نے پاکستان کے خلاف سازش کے لیے فارن فنڈنگ لی۔

وفاقی وزیر داخلہ کو مشورہ دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا رانا صاحب بنی گالہ میں بھی چھاپہ پڑنا چاہیے ، جس طرح ڈونلڈ ٹرمپ کے گھر پر چھاپہ مارا گیا تھا ، سائفر کی تلاش میں ویسے ہی عمران خان کے گھر پر چھاپہ مارا جاسکتا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے حکومتی کمیٹی کی تحقیقات کے بعد عمران خان اپنے منطقی انجام کو پہنچے گا۔ ان کا کہنا تھا 25 مئی کے واقعات کے بعد میری حکومت سے درخواست تھی کہ کابینہ اس بارے میں فیصلہ کرے ، کیونکہ یہ ن لیگ اتحادیوں کی حکومت ہے۔

مریم نواز کے گلے کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز کا شکوہ اپنی جگہ پر درست اور جائز ہے ، میرا موقف تھا کہ مسلح جتھوں کے حملہ آور ہونے کا مقدمہ درج کیا جائے۔ کابینہ نے میری درخواست پر فیصلہ کرنے کی بجائے سب کمیٹی بنا دی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے عمران خان کا معاملہ پارلیمنٹ میں لے جائیں گے امید ہے پارلیمنٹ اس کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کرے گی۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا یہ شخص اتنا بزدل ہے کہ گرفتاری کے خوف سے پشاور بھاگ گیا جب تک ضمانت نہیں ملی وہیں بیٹھا رہا۔

متعلقہ تحاریر