پاکستان نیوی نے پہلی انٹرنیشنل اسپورٹس شوٹنگ چیمپئین شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

چیف آف دی نیول اسٹاف نے بطور صدر نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان قومی شوٹرز کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں قوم کا نام مزید روشن کریں گے۔

اسلام آباد: پاکستان نیوی کے ایم سی پی او غلام مصطفیٰ بشیر نے قاہرہ ، مصر میں منعقد ہونے والی پہلی انٹرنیشنل اسپورٹس شوٹنگ فیڈریشن (ISSF) رائفل/پستول شوٹنگ چیمپئین شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ چیمپئین شپ 2024 پیرس سمر اولمپکس کے لیے کوالیفائینگ ایونٹ کے طور پر منعقد کی گئی تھی۔

پاکستان بحریہ کی جانب سے غلام مصطفیٰ بشیر اور رسام گل نے 25 میٹر ریپڈ فائر پسٹل ایونٹ میں حصہ لیا اور چیمپئین شپ میں قومی پرچم کی نمائندگی کی۔

یہ بھی پڑھیے

تحریک انصاف کا لانگ مارچ روکنے کی حکومتی استدعا، سپریم کورٹ سے مسترد

86 سالہ بدقسمت باپ کو بیٹے کے زیرحراست قتل کے 32سال بعد معاوضہ مل گیا

چیمپئین شپ کے دوران دونوں شوٹرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور غلام مصطفیٰ بشیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کانسی کا تمغہ حاصل کرکے غلام مصطفیٰ بشیر نے نہ صرف پیرس اولمپکس 2024 کے لیے کوالیفائی کیا بلکہ عالمی رینکنگ میں ساتویں پوزیشن بھی حاصل کر لی۔

چیمپئین شپ میں 37 ممالک سے کُل 77 شوٹرز نے حصہ لیا۔

وطن واپسی پر کراچی ایر پورٹ پر دونوں شوٹرز کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔

پاکستان نیوی شوٹر کی یہ شاندار کامیابی پاکستان میں شوٹنگ کو بطور کھیل فروغ دینے کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے بطور صدر نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان قومی شوٹرز کی کوششوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں قوم کا نام مزید روشن کریں گے۔

متعلقہ تحاریر