ٹیلی نار پاکستان میں ایک ارب ڈالر کے کاروبار کی فروخت کیلیے سرگرم
پاکستان میں تیسری سہ ماہی میں کمپنی کو بنیادی آمدن میں 22 فیصد کمی کا سامنا کرنا پڑا جس کی ایک وجہ ملک میں توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہے، بلومبرگ

بلومبرگ نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے میں سرگرم نارویجن کمپنی ٹیلی نار پاکستان میں اپناکاروبار فروخت کرنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے جس کی قیمت تقریباً ایک ارب ڈالر ہو سکتی ہے۔
کمپنی کی خفیہ معلومات سے آگاہ ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بلومبرگ کو بتایا کہ ناروے کا ٹیلی کمیونی کیشن آپریٹر ، سٹی گروپ انکارپوریشن کے ساتھ کام کررہا ہے کے ساتھ کام کر رہا ہے اور اس مہینے کے آخر میں کاروبار کے لیے پہلے دور کی بولیوں کو مدعو کرے گا۔
یہ بھی پڑھیے
ٹیلی نار پاکستان میں مزید کمپنیز کیساتھ انضمام کیلیے کوشاں
ٹیلی نار کا ویلنٹائن ڈے پر مذاق اور اُس پر تنقید
ٹیلی نار نے جولائی میں کہا تھا کہ وہ ابھرتی ہوئی معیشت میں آپریشنز پر 2.5 ارب کرون ( 244 ملین ڈالر) کے خسارے کے بعد پاکستان میں اپنے کاروبار کا تزویراتی جائزہ لے گا ۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں موجود آپریشنز کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ اور ایشیا کےاسٹریٹجک خریداروں سے دلچسپی ظاہر کرنے کی توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق بات چیت جاری ہے تاہم اس بات کا کوئی یقین نہیں ہے کہ اس کے نتیجے میں کوئی لین دین ہو گا جبکہ سٹی گروپ اور ٹیلی نار کے نمائندوں نےاس خبر پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔
بدھ کو ٹیلی نار کے حصص میں 2.4 فیصد اضافہ ہوا۔ اوسلو اسٹاک ایکسچینج میں 1.8 فیصد اضافے سے کمپنی کی مارکیٹ ویلیو13ارب ڈالر ہوگئی۔
اکتوبر میں ٹیلی نار نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان میں تیسری سہ ماہی میں کمپنی کو بنیادی آمدن میں 22 فیصد کمی کا سامنا کرنا پڑا جس کی ایک وجہ ملک میں توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ اس کے اثرات کو پاکستان میں سم ٹیکس کی بحالی سے حاصل ہونے والے فائدہ سے پورا کیا گیا۔
ٹیلی نار کی چار ایشیائی منڈیوں میں سے ایک پاکستان میں 600 ملین کرون ( 57.79 ملین ڈالر) کا فائدہ 2014 سے 2020 کی مدت کے لیے موبائل فون سم کارڈز پر ٹیکس کے اطلاق سے متعلق عدالتی فیصلے سے منسلک تھا۔
2022 کی پہلی تین سہ ماہیوں کے دوران نارویجن کرونر کے لحاظ سے ٹیلی نار پاکستان کی آمدنی میں تقریباً 8 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ روپے کے لحاظ سے اسکی آمدن 4 فیصد بڑھ کر 4.270 ارب کرون (79.36 ارب روپے) رہی جبکہ 2021 کے اسی عرصے میں کمپنی کی آمدن 3.3903ارب کرونر(82.57 بلین روپے) رہی تھی۔
ٹیلی نار پاکستان نے 2022 کی تیسری سہ ماہی کے دوران کل1.320ارب کرون (29.53ارب روپے)کمائے جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں کمپنی نے 1.425ارب کرون (26.68ارب روپے ) کمائے تھے ،اس لحاظ سے کمپنی کو ناریجن کرون کے حساب سے 7.5فیصد جبکہ روپے کے لحاظ سے 10فیصد خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔
گروپ کا پاکستان میں کاروبار سہ ماہی کے دوران غیر معمولی سیلاب سے متاثر ہوا۔ اس صورتحال نے صارفین کی خرچ کرنے کی طاقت کو متاثر کیا اور بڑھتی ہوئی لاگت کے ساتھ نیٹ ورک کی بندش کا بھی سبب بنا۔