الیکشن کمیشن کا کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے صاف اور شفاف انتخابات کے لیے ادارہ تمام وسائل کو بروئے کار لائے گا۔

چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان جناب سکندر سلطان راجہ نے کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS) کو مزید بہتر بنانے کیلئے لاہور میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔

چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان جناب سکندر سلطان راجہ نے  صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر میں کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی۔

یہ بھی پڑھیے

جنرل عاصم منیر سید پاک فوج کے نئے سپہ سالار ، چیلنجز بے شمار

کالعدم تحریک طالبان کا ملک بھر میں دہشتگرد حملے کرنے کا اعلان

اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل، الیکشن کمیشن اسلام آباد کے افسران اور دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبہ پنجاب کے تمام ریجنل الیکشن کمشنرز اور ضلعی الیکشن کمشنرز نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کا مقصد شفاف کمپیوٹرائزڈ انتخابی فہرستوں کے سسٹم کو مزید بہتر بنانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لینا تھا۔

اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کے اس اقدام کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

ڈائریکٹر ایم آئی ایس الیکشن کمیشن اسلام آباد ، عمران احمد نے کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم کے مختلف پہلوؤں پر مختصر بریفنگ دی۔

بعد ازاں ڈائریکٹر ایم آئی ایس دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب ، بابر ملک نے کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS) میں مزید بہتری لانے کیلئے جامع بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS) الیکشن کمیشن کا ایک بہت اہم نظام ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن ووٹرز کا اندراج کرتا ہے اور انتخابات کیلئے انتخابی فہرستیں تیار کرتا ہے۔ یہ سسٹم الیکشن کمیشن اسلام آباد ہیڈ آفس، دفتر صوبائی الیکشن کمشنر اور ضلعی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں موجود ہے جہاں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز اور الیکشن افسران بطور رجسٹریشن افسران عوام الناس کے ووٹ کے اندراج اور ڈیٹا انٹری کے نظام کی نگرانی کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم میں نئے ووٹوں کا اندراج بھی کیا جاتا ہے جبکہ ووٹر کی طرف سے رہائشی پتہ کی تبدیلی یا درستگی کی درخواست بھی وصول کی جاتی ہے اور اس کی تصدیق کے بعد اندراج کیا جاتا ہے۔

ڈائریکٹر ایم آئی ایس بابر ملک نے اپنی بریفنگ میں ریجنل الیکشن کمشنرز اور ضلعی الیکشن کمشنرز کی طرف سے  الیکٹورل رول سسٹم (CERS) کو مزید بہتر بنانے کیلئے پیش کردہ تجاویز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی تاکہ کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS) کے اندر ووٹ کے اندراج کا ٹریکنگ سسٹم، مانیٹرنگ سسٹم اور نئے اندراج کے نظام کو آسان اور سہل بنایا جاسکے۔ مزید برآں انتخابی فہرستوں کی مسلسل اپڈیشن کا طریقہ کار وضع کیا جاسکے۔

چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، ریجنل الیکشن کمشنرز، ضلعی الیکشن کمشنرزاور دیگر افسران کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد میں ملک بھر کے چاروں صوبوں سے اس حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا اور ہیڈ آفس میں ہائی لیول میٹنگ کے اندر تجاویز پر غور کرنے کے بعد کمپیوٹرائزڈ الیکٹورل رول سسٹم (CERS) کی بہتری کیلئے اہم اقدامات لئے جائیں گے۔

متعلقہ تحاریر