سندھ رینجرز نے سال 2022 سے متعلق اپنی کارکردگی رپورٹ جاری کردی
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق سال 2022 کے دوران مجموعی طور پر 2292 آپریشنز کیے گئے جبکہ اس دوران 4213 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
کراچی: سندھ رینجرز نے سال 2022 کے دوران صوبے بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کی گئی کارروائیوں سے متعلق اعدادوشمار جاری کردیئے۔
میڈیا سے شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال صوبے میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف مجموعی طور پر 2 ہزار 292 آپریشنز کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیے
شرجیل میمن نے جیل میں افغان بچوں کی تصویر کو جعلی قرار دے دیا
کراچی میں بلدیاتی الیکشن ایک مرتبہ پھر ملتوی ہونے کاخدشہ
اعدادوشمار کے مطابق ان آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 4 ہزار 213 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جب کہ دہشت گردوں کے خلاف مجموعی طور پر 181 آپریشن کیے گئے جن میں 60 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 11 دہشتگردوں سے جدید اسلحہ برآمد کیا گیا۔
سندھ رینجرز نے بتایا کہ تقریباً 10 کارروائیوں میں 6 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا، جبکہ بھتہ خوری کے خلاف مجموعی طور پر 48 کارروائیاں کی گئیں جن میں 65 بھتہ خوروں کو گرفتار کیا گیا اور بھتہ خوروں سے 64 ہتھیار برآمد کیے گئے۔
اسی طرح ڈاکوؤں کے نیٹ ورک کا قلع قمع کرنے کے لیے 506 آپریشن کیے گئے۔ آپریشنز کے دوران 725 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا گیا ، ان کے قبضے سے 406 ہتھیار برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ منشیات فروشوں کے خلاف 659 چھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں ، ان کارروائیوں کے دوران 738 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کارروائیوں کے دوران 216 چھوٹے بڑے ہتھیار برآمد کیے گئے۔
اعدادوشمار کے مطابق سال 2022 کے دوران سندھ رینجرز کے 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور ان کے 5 اہلکار زخمی ہوئے۔