این ڈی ایم اے نے’اومیکرون‘ کے نئے ویریئنٹ سے متعلق نئی احتیاطی تدابیر جاری کردیں
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کوویڈ 19 کے خلاف حکمت عملی اور قومی سطح پر کیے گئے اقدامات کے حوالے سے این آئی ایچ کو ہدایات جاری کردیں۔
چین میں تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکرون بی ایف 7 کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کو سیاسی اجتماعات ، سماجی تقریبات اور تعلیمی اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اس سلسلے میں ہفتہ وار میڈیا پر بریفنگ دینے کی ہدایت کردی ہے۔
روزنامہ ڈان اخبار نے اپنی رپورٹ میں حکام سے حوالے سے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں طورخم بارڈر پر پیدل چلنے والوں کی ویکسینیشن اور ان کے اسکریننگ ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر شروع کردیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
عدالتی احکامات کی خلاف ورزی، رجسٹرار اسراء یونیورسٹی عبدالقادر میمن معطل
ڈاکٹر غلام قادر کا بطور چانسلر نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے پر رجسٹرار اسرا یونیورسٹی کے خلاف کارروائی
احتیاطی تدابیر ، ویکسینیشن اور اسکریننگ ٹیسٹ سے متعلق اہم فیصلے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کی زیر صدارت ہونے والے جائزہ اجلاس میں کیے گئے۔
اجلاس میں این آئی ایچ اور سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے حکام نے بھی شرکت کی۔
این ڈی ایم اے کے حکام نے چین میں تیزی سے پھیلنے والے نئے ویریئنٹ بی ایس 7 کے خطرات کے پیش نظر ہوائی اڈوں پر نگرانی کے طریقہ کار کو مزید موثر بنانے پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ نے کووڈ 19 سے متعلق پاکستان میں مینیجمنٹ اور ویکسینیشن ایڈمنسٹریشن سے متعلق تفصیلی اعدادوشمار پیش کیے۔
ڈان اخبار کے مطابق بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رائج پالیسی کے مطابق ملک کے تمام ایئر پورٹس پر بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ (آر اے ٹیز) اور پولیمریز چین ری ایکشن (پی سی آر) ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔
اجلاس کے دوران سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بتایا کہ کووڈ 19 کے کسی بھی ویریئنٹ کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ لاجسٹک انتظامات کیے گئے ہیں اور ملک کے تمام ایئرپورٹس پر قابل انتظامی ٹیم کے ساتھ نگرانی کا موثر نظام مکمل طور پر فعال ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے کوویڈ 19 کے خلاف حکمت عملی اور قومی سطح پر اس کے خلاف کیے گئے اقدامات پر اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے این آئی ایچ کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اداروں، سماجی تقریبات اور کمیونٹیز کے لیے احتیاطی تدابیر سے متعلق سفارشات جاری کرے اور اس سلسلے میں اسٹیک ہولڈرز اور عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے کے لیے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کا اہتمام کرے۔