فواد چوہدری کا ریمانڈ ملتے ہی صدر اور عمران خان کی ملاقات بے نتیجہ ختم

نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف آج احتجاجی جلوس کی قیادت کریں گے ، ہزاروں کارکنان پہلے ہی زمان پارک میں موجود ہے۔

رات گئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی ، اسی دوران اسلام آباد کی مقامی عدالت کے جج نے رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا جسمانی ریمانڈ دے دیا ، جس کے بعد بنتی ہوئی بات بگڑی گئی اور ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی، نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کی قیادت کرنے کے لیے آج عمران خان خود باہر نکلیں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گذشتہ روز چند گھنٹوں میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے دو ملاقات کیں، دوسری ملاقات رات گئے ہوئی۔

نیوز 360 کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسری ملاقات میں صدر مملکت نے عمران خان کے سامنے چند شرائط سامنے رکھیں ، جن پر گفتوشنید جاری تھی کہ اسی دوران فواد چوہدری کے ریمانڈ کی خبر آ گئی اور بنتی ہوئی بات بگڑ گئی۔

یہ بھی پڑھیے

فواد چودھری کی گرفتاری میں الیکشن کمیشن سیاسی فریق بن گیا، شیخ رشید

فواد چوہدری نے ہاؤسنگ پراجیکٹ میں ایس کے ایم ٹی فنڈز کی سرمایہ کاری کی رپورٹنگ کرنے پر میڈیا کو طوائف قرار دے دیا

الیکشن کمیشن کے اعلیٰ افسران کو دھمکیوں کے نتیجے گرفتار رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا اسلام آباد کی مقامی عدالت کے جج نوید خان نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان نے رات دیر گئے اپنا ہی محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ اور یہ فیصلہ عین اس وقت سنایا گیا جب لاہور میں زمان پارک میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کررہے تھے۔

ڈیوٹی مجسٹریٹ نوید خان نے دو صفحات پر مشتمل فیصلے میں لکھا کہ فواد چوہدری کو الیکشن کمیشن کے اعلٰیٰ افسران کو دھمکانے پر دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جاتا ہے ، پولیس اب فواد چوہدری کو 27 جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ تفتیشی افسر نے فواد چوہدری کے 8 روزہ ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔

دوسری جانب نیوز 360 کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کی گرفتاری کے خلاف آج ہونے والے احتجاج کی قیادت چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر لگا کینٹینر عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پہنچا دیا گیا۔ عمران خان کینٹینر پر احتجاجی جلوس کی قیادت کریں گے۔

واضح رہے کہ رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کو 25 جنوری کی صبح اسلام آباد پولیس نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کی دائر درخواست پر لاہور سے ان کی رہائشگاہ کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔ بعدازاں راہداری ریمانڈ حاصل کرنے کے بعد پولیس نے فواد چوہدری کو اسلام آباد منتقل کردیا تھا۔ اور رات گئے ان کا جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا تھا۔

پمز اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میرے حوصلے بلند ہیں لیکن جو کچھ ہورہا ہے وہ ملک کے لیے اچھا نہیں ہے۔ پاکستان میں تقسیم بڑھا دی گئی ہے ، کوئی مسئلہ نہیں اس سختی کو بھی جھیل لیں گے۔ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ عمران خان کا نام لینے والا کوئی نہ ہو۔ جدوجہد میں ہم کپتان کے ساتھ ہیں ، یہ جنگ عمران خان ہی جیتے گا۔

متعلقہ تحاریر