عدلیہ آڈیو لیکس پر فوری کارروائی کرے، عمران خان کی سپریم کورٹ سے اپیل

سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ فون ٹیپ پاکستان کی بہتری کیلئے نہیں سیاسی مقاصد کیلئے کیے جا رہے ہیں، سیاسی مقاصد پورے کرنے کیلئے آڈیو ٹیپس سامنے لائے جاتے ہیں۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ دیکھنا یہ ہے کہ عدلیہ 90 روز میں انتخابات کراسکے گی، اسملیاں تحلیل ہونے کے 90 روز بعد انتخابات ہونا ضروری ہیں۔ عدلیہ کو آڈیو لیکس کے معاملے پر کارروائی کرنی چاہیے۔

ویڈیو لنک پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے عدلیہ سے آڈیو لیکس پر کارروائی کی درخواست کی ہے ، فیئر ٹرائل ایکٹ کے تحت 4 ماہ پہلے میں نے اپیل دائر کی تھی، وزیر اعظم کے فون ٹیپ کرنا سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فون ٹیپ پاکستان کی بہتری کیلئے نہیں سیاسی مقاصد کیلئے کیے جا رہے ہیں، سیاسی مقاصد پورے کرنے کیلئے آڈیو ٹیپس سامنے لائے جاتے ہیں، سیاستدانوں ، شہریوں کے فون ٹیپ کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

جیل بھرو تحریک: پی ٹی آئی قیادت نے بدھ سے شروع ہونے والی تحریک کا ویڈیو ٹیزر جاری کردیا

الیکشن آگے لے جانے والے پر آرٹیکل 6 لگے گا، شیخ رشید احمد

پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سابق سی سی پی او لاہور ڈوگر سے یاسمین راشد بات کر رہی تھیں، یاسمین راشد کی گفتگو کو لیک کر دیا گیا، قانون کے مطابق کوئی بھی فون ٹیپ نہیں کر سکتا ، فون ٹیپ کی اجازت عدالت وزرات داخلہ کی درخواست پر دیتی ہے

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا ک میرے وزیر اعظم ہوتے ہوئے فون ٹیپ کیے جا رہے تھے، میں اپنے پرنسپل سیکرٹری سے بات کر رہا تھا وہ بھی ٹیپنگ کی گئی، میں افسران سے آفیشل لائن سے رابطہ کرتا تھا۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کے بھی فون ٹیپ کر کے ایڈٹ کیے گئے، فون ٹیپ کرنے سے میرے ، بشری ٰ بی بی کے حقوق متاثر ہوئے، عدلیہ کو آڈیو لیکس کے معاملے پر کاروائی کرنی چاہیے۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت کی طرف سے عوام کو مہنگائی کے سمندر میں دھکیلنے پر  ہر سطح پر بھرپور آواز بلند کریں گی۔

عمران خان کے خطاب سے قبل پاکستان تحریک انصاف لاہور کے اسٹیک ہولڈر کا پارٹی دفتر جیل روڈ میں اہم اجلاس ہوا۔ سینیٹر اعجاز احمد چوہدری نے اجلاس میں تمام شرکاء کو جیل بھرو تحریک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

جیل بھرو تحریک کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی۔ عمران خان نے لاہور کے تمام سٹیک ہولڈر کو جیل بھرو تحریک کے لئے  بھرپور تیاری کرنے کی ہدایت کی۔

عمران خان نے لاہور کے تمام سٹیک ہولڈر کو ڈور  ٹو ڈور کمپین  پرفوکس کرنے  اور الیکشن کراؤ ملک بچاؤ کے حوالے سے ریلیاں نکالنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں شفقت محمود ، شیخ امتیاز محمود ، غلام محی الدین دیوان ، میاں محمود الرشید ، علی امتیاز وڑائچ ، نعیم الحق ، مراد راس ، جمشید اقبال چیمہ ، میاں محمد اکرم عثمان ، رخسانہ نوید ، ندیم بارا ، روبینہ شاہین ، ملک ظہیر عباس کھوکھر ،  نوشین حامد معراج  سمیت دیگر نے شرکت کی۔

متعلقہ تحاریر