پنجاب میں انتخابات کے لیے اسٹیٹ بینک نے رقم فراہم نہیں کی، الیکشن کمیشن
ای سی پی کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے مطابق اسٹیٹ بینک نے رقم فراہم نہیں کی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان ، اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ نے پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے رپورٹ سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیش (ای سی پی) کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں انتخابات کے لیے اسٹیٹ بینک کی جانب سے فنڈز فراہم نہیں کیےگئے۔
یہ بھی پڑھیے
ممنوعہ فنڈنگ کیس: پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت 16 مئی تک ملتوی
برطانیہ سے کاروبار سمیٹ کر مردان آنے والے عالم زیب کا اسٹور رشوت نہ دینے پر سیل
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کا آگاہ کردیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے رقم کی منتقلی نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے پنجاب میں انتخابات کے لیے اسٹیٹ بینک کو حکم دیا گیا تھا وہ 17 اپریل تک الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپے جاری کرے۔
سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک کو پابند کیا تھا کہ وہ وزارت خزانہ کے ساتھ معاونت کے بعد 21 ارب روپے کی رقم الیکشن کمیشن کو جاری کردے۔
تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے تازہ ترین جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نہ تو وزارت خزانہ اور نہ ہی اسٹیٹ بینک کی جانب سے رقم جاری کی گئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور وزارت خزانہ کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹس میں فنڈز جمع نہ کرانے کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔ رپورٹس سپریم کورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرائی گئی ہے۔
وزارت خزانہ نے پنجاب میں انتخابات کے فنڈز کی فراہمی کی رپورٹ اٹارنی جنرل آفس کے ذریعے سپریم کورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرادی ہے۔ رپورٹ میں وفاقی کابینہ کے فیصلے اور پارلیمان کو معاملہ بھجوانے کی تفصیلات درج ہیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چونکہ پارلیمنٹ نے فنڈز جاری نہ کرنے کی اجازت نہیں دی ہے ، اس بنا پر الیکشن کمیشن کو فنڈز ٹرانسفر نہیں کیے گئے۔
اسٹیٹ بینک نے اپنی جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم سے متعلق وزارت خزانہ کے حکام کو آگاہ کردیا تھا ، اور رقم بھی ان کے ڈسپوزل پر رکھ دی گئی ہے ، جیسے ہی وفاقی حکومت کی منظوری ہوتی ہے تو وزارت خزانہ اس رقم کو استعمال کرسکتی ہے۔ تاہم فنڈز کو تاحال آگے نہیں بھیجا گیا۔









