پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی متفرق درخواست میں پی ڈی ایم کی حکومتی ٹیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات بھی سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے حکومتی ٹیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی رپورٹ اور ایک ساتھ ملک میں انتخابات کرانے کی درخواست سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کی درخواست اور پی ڈی ایم کی ٹیم کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں ایک ساتھ جمع کرادی ہے۔

یہ بھی پڑھیے 

الیکشن کمیشن کا سپریم کورٹ سے اپنے 14 مئی کے انتخابات کے فیصلے کو واپس لینے کا مطالبہ

صدر مملکت کو حریت کانفرنس کا خط؛ سرینگر میں جی20 اجلاس پر پاکستان سے مدد مانگ لی

پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی مذاکراتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حکومت اکتوبر میں انتخابات کرانے پر بضد ہے، اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ مزید مذاکرات صرف وقت کا ضیاع ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب میں جو 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا اس پر عملدرآمد کرائے۔ اور آئینی بحران کا حل نکالے۔

مذاکرات میں کب کیا ہوا؟

سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات کے تین ادوار ہوئے۔

پی ٹی آئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے دوران ہماری جانب سے ہر ممکن حد تک لچک دکھائی گئی۔ جمع کرائی گئی رپورٹ میں گذشتہ رات کو ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں۔

گذشتہ رات مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا تھا کہ آج کے مذاکرات کی تمام تر تفصیلات بھی سپریم کورٹ کے سامنے رکھی جائیں گی۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ اپنے چار اپریل کے حکم پر من و عن عملدرآمد کرائے، کہ پنجاب میں انتخابات 14 مئی کو ہوں گے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے آج جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ساتھ تین نشستیں کیں۔ مذاکرات کے دوران دونوں جانب سے اپنے اپنے مطالبات رکھے گئے۔

سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات کے دوران حکومت کی جانب سے کوئی واضح پیغام نہیں دیا گیا جس کی بنا پر اب پی ٹی آئی اس بات پر مجبور ہے کہ وہ سپریم کورٹ سے ایک مرتبہ پھر رجوع کررہی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی متفرق درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت اب مناسب حکم جاری کرے۔

متعلقہ تحاریر