برٹش کونسل کے زیراہتمام پاکستان بھر میں 11 مئی کے امتحانات ملتوی
اکاؤنٹس ریلیشن شپ منیجر خرم شاہ کی جانب سے پرنسپلز اور کوآرڈینیٹرز کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں جاری کشیدگی کی صورتحال کے پیش نظر امتحانات ملتوی کیے گئے ہیں۔
ملک میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر برٹش کونسل نے پاکستان بھر 11 مئی بروز جمعرات کو ہونے والے اپنے ‘او’ لیول اور ‘اے’ لیول کے امتحانات ملتوی کر دیے ہیں۔ اس سے قبل کونسل نے 10 مئی کو ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کردیئے تھے۔
اکاؤنٹس ریلیشن شپ منیجر خرم شاہ کی جانب سے پرنسپلز اور کوآرڈینیٹرز کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں جاری کشیدگی کی صورتحال کے پیش نظر، برٹش کونسل نے جمعرات 11 مئی کو ہونے والے تمام امتحانات منسوخ کر دیے ہیں جن میں کیمبرج اسکول کے امتحانات AM اور PM دونوں سیشنز کے لیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
عمر بھر استحصالی طبقے سے نبرد آزما ڈاکٹرمبارک علی بڑھاپے میں استحصال کا شکار
لیاری یونیورسٹی میں بھارتی فلم کی نمائش پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی
خط کے متن میں لکھا گیا ہے کہ براہ کرم یہ معلومات اپنے انسٹی ٹیوٹ کے امیدواروں کے ساتھ شیئر کریں۔
خرم شاہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ صورتحال کا بغور جائزہ لینے اور کسی بھی واقعے کی صورت میں اپنے امیدواروں، ان کے والدین اور عملے کے ارکان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے بعد کیا گیا۔
انہوں نے مزید لکھا ہے کہ "ان منسوخ شدہ امتحانات کے لیے ہم ای میل کے ذریعے مزید معلومات کو شیئر کردیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پرتشدد احتجاج کیا گیا جس کے بعد برٹش کونسل نے کراچی میں 10 مئی کو ہونے والے کیمبرج کے امتحانات بھی ملتوی کر دیے تھے۔
کونسل کے اعلان کے مطابق او لیول فزکس اور اے لیول ریاضی کے پرچے ملتوی کر دیے گئے۔
نجی اسکولوں کی جانب سے تعلیمی ادارے بند کرنے کے اعلان کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ کل (بدھ) صبح اور شام کی شفٹوں میں ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔









