قومی سلامتی کمیٹی اعلامیہ: فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کیخلاف آرمی ایکٹ  کے تحت ٹرائل کی تائید

فوجی تنصیبات، مقامات پر حملہ کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، ملک میں تشدد اور شرپسندی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، تشدد اور شرپسندی کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی، 9 مئی کو قومی یوم سیاہ منانے کا فیصلہ

قومی سلامتی کمیٹی  نے فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل کے فیصلے کی تائید کردی۔

گزشتہ روز وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی  کے اجلاس   میں وفاقی وزرا، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، سلامتی سے متعلق اداروں کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے

9 مئی کے واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے، کور کمانڈر کانفرنس کا اعلامیہ

پنجاب کی نگراں کابینہ کی شر پسند عناصر کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت مقدمات کی منظوری

قومی سلامتی کمیٹی  نے ہر سال  9 مئی  کو قو می سطح پر یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا۔اعلامیے کے مطابق  فورم نے سیاسی اختلافات کو محاذ آرائی کے بجائے جمہوری اقدار کے مطابق مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات، مقامات پر حملہ کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی، ملک میں تشدد اور شرپسندی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، تشدد اور شرپسندی کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔

قومی سلامتی کمیٹی  نے ذاتی اورسیاسی فائدےکے لیے جلاؤ، گھیراؤ اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ فوجی تنصیبات اور عوامی املاک کی حرمت کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی اور 9 مئی کے یوم سیاہ میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائےگا۔

قومی سلامتی کمیٹی نے آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت ٹرائل، شرپسندوں، منصوبہ سازوں، اشتعال پر اکسانے والوں کو کٹہرے میں لانے اور سہولت کاروں کے خلاف مقدمات درج کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے کے فیصلے کی بھی تائید کی۔

اعلامیے کےمطابق  اجلاس کے شرکانے شہدا اور اُن کے اہل خانہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ کمیٹی نے سوشل میڈیا قواعد وضوابط کے سختی سے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ بیرونی سرپرستی اور داخلی سہولت کاری سے کیے گئے پروپیگنڈے کا سد باب کیا جائے گا اور پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔

کمیٹی فورم نے پیچیدہ جیو اسٹریٹجک ماحول میں قومی اتحاد اور یگانگت اوردشمن قوتوں کی عدم استحکام کی پالیسیوں کی وجہ سے بڑھتے پیچیدہ جیو اسٹریٹجک ماحول میں قومی اتحاد اور یگانگت پر زور دیا۔

متعلقہ تحاریر